1947ء سے پہلے کے برصغیر ہند کی تاریخ From Wikipedia, the free encyclopedia
جدید علم جینیات کی رو سے بالاتفاق برصغیر کی سرزمین پر تہتر ہزار برس پہلے سے پچپن ہزار برس قبل کی درمیانی مدت میں انسانوں کی آمد کا سراغ ملتا ہے جو افریقا سے وارد ہوئے تھے، [1] لیکن اثریاتی نقطۂ نظر سے جنوبی ایشیا میں انسانی وجود کے اولین آثار تیس ہزار برس پرانے ہیں جبکہ خوارک کی فراہمی، کاشت کاری اور گلہ بانی وغیرہ کے ہنگاموں سے معمور باقاعدہ انسانی زندگی کا آغاز سات ہزار ق م کے آس پاس ہوا۔ مہر گڑھ کے مقام پر جو اور گیہوں کی پیداوار کے آثار ملتے ہیں اور ساتھ ہی ایسے قرائن پائے گئے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے فوراً بعد بھیڑ بکریوں اور گائے بیل وغیرہ مویشیوں کے پالنے کا رجحان پیدا ہو چکا تھا۔[2] پینتالیس سو ق م تک انسانی زندگی مختلف شعبوں تک پھیل گئی[2] اور بتدریج وادیٔ سندھ کی تہذیب کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھری۔ اس تہذیب کا شمار عہد قدیم کی اولین تہذیبوں میں ہوتا ہے۔ یہ قدیم مصر اور میسوپوٹیمیا کی تہذیبوں کی ہم عصر تھی۔ وادی سندھ کی تہذیب 2500 ق م سے 1900 ق م تک برصغیر کے اُس خطہ میں پھلتی پھولتی رہی جو آج پاکستان اور شمال مغربی ہندوستان میں واقع ہے۔ شہری منصوبہ بندی، پکی اینٹوں کے مکانات، نکاسیِ آب کا پختہ بندوبست اور آب رسانی کا عمدہ نظم اس تہذیب کی خصوصیات میں داخل ہیں۔[3]
قبل مسیح کے دوسرے ہزارے کے اوائل میں مسلسل قحط اور خشک سالی نے وادی سندھ کی آبادی کو منتشر ہونے پر مجبور کر دیا اور یہاں کے باشندے متفرق طور پر بڑے شہروں سے دیہی مقامات پر منتقل ہو گئے۔ عین اسی دور میں ہند۔آریائی قبائل وسط ایشیا سے نکل کر خطۂ پنجاب میں وارد ہوئے۔ یہاں سے ویدک دور کا آغاز ہوتا ہے۔ اس عہد کا قابل ذکر انسانی کارنامہ ویدوں کی تدوین ہے جن میں ان قبیلوں کے دیوی دیوتاؤں کی حمدیہ نظمیں مرتب کی گئی ہیں۔ ان قبیلوں میں وَرَن کا نظام بھی رائج تھا جو آگے چل کر ذات پات کی شکل میں سامنے آیا۔ اس نظام کے تحت ہند۔آریائی قبیلوں نے ہندوستانی معاشرے کو پنڈتوں، جنگجوؤں (سرداروں) اور کسانوں (عوام) میں بانٹ دیا جس کے بعد مقامی آبادی کو ان کے پیشے کے ناموں سے بلایا اور حقیر سمجھا جانے لگا۔ یہ عقلمند بہادر طاقتور اور مہذب ہند آریائی قبائل پنجاب سے بڑھ کر دریائے گنگا کے میدانی علاقہ تک پھیل گئے اور کاشت کاری کی غرض سے اس خطہ کے جنگلوں کو مسطح میدانوں میں تبدیل کر دیا۔ ویدک متون کی تدوین تقریباً 600 ق م تک انجام کو پہنچی اور اسی کے ساتھ ایک نئی بین علاقائی ثقافت کا ظہور ہوا۔ چھوٹے چھوٹے سردار (یا جن پد) آپس میں مل کر بڑی ریاستوں (یا مہا جن پد) کی شکل اختیار کرنے لگے اور یوں وادی سندھ کی تہذیب کے خاتمہ کے بعد دوبارہ برصغیر میں شہری آبادکاری کا آغاز ہوا۔ دوسری طرف اسی دور میں متعدد مذہبی تحریکیں برپا ہوئیں جن میں جین مت اور بدھ مت قابل ذکر ہیں۔ ان تحریکوں نے برہمنیت کے بڑھتے اثرات کی سخت مخالفت کی اور ان ویدک رسوم کی افضلیت پر سوال اٹھانے لگے جنھیں صرف برہمن پنڈت کے ہاتھوں انجام دیا جاتا تھا۔[4] برصغیر کے معاشرہ میں ان تحریکوں کے مخالفانہ افکار کا نفوذ بڑھا تو نئے مذہبی تصورات پروان چڑھنے لگے[5] اور ان کی کامیابی نے برہمنیت کو برصغیر میں پہلے سے موجود ثقافتوں اور تہذیبوں کو باہم ملا کر ایک نیا آمیزہ تیار کرنے پر مجبور کر دیا جو آگے چل کر ہندومت کہلایا۔
چوتھی اور تیسری صدی ق م کے دوران میں برصغیر ہند کے بیشتر حصہ کو آریائی نسل موریا سلطنت نے فتح کر لیا۔ تیسری صدی ق م سے شمالی ہندوستان میں پراکرت اور پالی ادب کا اور جنوبی ہند میں تمل اور سنگم ادب کا ارتقا شروع ہوا[6][7] اور ان زبانوں کا ادب اپنے جغرافیائی سرحدوں سے نکل کر ممالکِ غیر تک جا پہنچا۔[8][9][10] کلاسیکی عہد میں اگلے پندرہ سو برس تک ہندوستان کے مختلف خطوں پر متفرق بادشاہوں کا تسلط رہا جن میں گپتا سلطنت کا عہد گوناگوں وجوہ سے ممتاز ہے۔ اس عہد میں ہندو مت اور اس کے مفکرین از سر نو ابھر کر سامنے آئے، ان کی سرگرمیاں بڑھیں اور برہمنیت کو پھر سے فروغ نصیب ہوا۔ انھی وجوہ سے یہ دور "ہندوستان کا عہد زریں" کہلاتا ہے۔ اسی عہد میں ہندوستانی تہذیب و ثقافت اور مذہب و تمدن کے مختلف پہلوؤں سے ایشیا کا بڑا خطہ متعارف ہوا، نیز جنوبی ہند کی مملکتوں نے بحری راستوں کے ذریعہ مشرق وسطیٰ اور بحیرہ روم سے اپنے تجارتی روابط قائم کیے۔ چنانچہ اب جنوب مشرقی ایشیا کا بڑا حصہ ہندوستان کی تہذیب و ثقافت سے متاثر ہونے لگا اور اسی صورت حال نے آگے چل کر جنوب مشرقی ایشا میں خالص ہندوستانی مملکتوں (ہندوستانِ عظمیٰ) کے قیام کی راہ ہموار کی۔[11][12]
ساتویں اور گیارھویں صدی عیسوی کے درمیان میں پیش آنے والے حوادث و واقعات میں سب سے اہم واقعہ سہ گانہ مقابلہ ہے جس کا مرکز قنوج تھا۔ یہ مقابلہ پال سلطنت، راشٹر کوٹ سلطنت اور گرجر پرتیہار سلطنت کے مابین دو صدیوں سے زائد عرصہ تک جاری رہا۔ پانچویں صدی عیسوی کے وسط سے جنوبی ہند مختلف شاہانہ رزم آرائیوں کا مرکز توجہ بن گیا جن میں بالخصوص چالوکیہ، چول، پَلّو، چیر، پانڈیہ اور مغربی چالوکیہ قابل ذکر ہیں۔ گیارھویں صدی عیسوی میں چول حکمران جنوبی ہند فتح کرنے کے بعد جنوب مشرقی ایشیا کے بعض حصوں سمیت سری لنکا، مالدیپ اور بنگال پر بھی حملہ آور ہوئے۔[13][14][15] قرون وسطیٰ کے اوائل میں ہندوستانی ریاضیات (ہندی -عربی نظام عدد) نے عرب دنیا میں جاری فلکیات اور ریاضیات کی ترقی پر گہرے اثرات مرتب کیے۔[16]
آٹھویں صدی کے آغاز میں برصغیر میں عربوں کی آمد ہوئی اور انھوں نے افغانستان اور سندھ میں اپنی حکومت قائم کر لی۔[17] پھر دسویں صدی کے اواخر اور گیارھویں صدی کے اوائل میں محمود غزنوی کا ورود ہوا۔[18] سنہ 1206ء میں وسط ایشیائی ترکوں نے سلطنت دہلی کی بنیاد رکھی اور چودھویں صدی عیسوی کے اوائل تک شمالی ہند کے ایک بڑے حصہ پر اپنا اقتدار مستحکم کر لیا لیکن چودھویں صدی کے ختم ہوتے ہوتے ان کا زوال شروع ہو گیا۔[19] سلطنت دہلی کے زوال سے دکن سلطنتیں ابھریں۔[20] سلطنت بنگالہ بھی ایک اہم قوت کے طور پر نمودار ہوئی اور تین صدیوں تک مسلسل تخت اقتدار پر متمکن رہی۔[21] سلطنت دہلی کے اسی عہد زوال میں وجے نگر سلطنت اور مملکت میواڑ کے پہلو بہ پہلو دیگر مختلف طاقت ور ہندو اور راجپوت ریاستیں بھی قائم ہوئیں۔ پندرھویں صدی عیسوی میں سکھ مت کا ظہور ہوا۔ سولھویں صدی عیسوی سے عہد جدید کی ابتدا ہوتی ہے جب مغلیہ سلطنت نے برصغیر ہند کے بڑے رقبہ کو اپنے زیر نگین کر کے[22] دنیا میں صنعت کاری کے ابتدائی نمونے پیش کیے اور عالمی سطح پر عظیم ترین معیشت بن گئی۔[23] سلطنت مغلیہ کے عہد میں ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار دنیا کی چوتھائی گھریلو پیداوار تھی جو یورپ کی کل گھریلو پیداوار سے زیادہ ہے۔[24][25] اٹھارویں صدی کے اوائل میں مغلوں کا تدریجاً زوال شروع ہوا جس کی بنا پر مرہٹوں، سکھوں، میسوریوں، نظاموں اور نوابان بنگالہ کو برصغیر ہند کے بہت بڑے رقبے پر زور آزمائی کا موقع مل گیا اور جلد ہی متفرق طور پر ان کی علاحدہ علاحدہ ریاستیں وجود میں آگئیں۔[26][27]
اٹھارویں صدی کے وسط سے انیسویں صدی کے وسط تک ہندوستان کے بیشتر علاقوں پر بتدریج ایسٹ انڈیا کمپنی قابض و متصرف ہو گئی جسے سلطنت برطانیہ نے ہندوستان کی سرزمین پر اپنا خود مختار عامل و نائب قرار دے رکھا تھا۔ لیکن ہندوستان کے باشندے کمپنی راج سے سخت بیزار اور بد دل تھے۔ نتیجتاً 1857ء میں تحریک آزادی کی زبرست لہر اٹھی اور شمالی ہند سے لے کر وسطی ہند تک اس لہر نے حصول آزادی کی روح پھونک دی لیکن یہ تحریک کامیاب نہ ہو سکی۔ اس کے بعد سلطنت برطانیہ نے کمپنی کو تحلیل کر دیا اور ہندوستان براہ راست تاج برطانیہ کے ماتحت آگیا۔ پہلی جنگ عظیم کے بعد( چوہدری رحمت علی) محمد علی جوہر، ابو الکلام آزاد، موہن داس گاندھی اور دیگر ہندو مسلم رہنماؤں نے اپنی تحریروں، تقریروں اور رسائل و جرائد کے ذریعہ پورے ہندوستان میں حصول آزادی کی تحریک چھیڑی۔ اول اول تحریک خلافت نے، پھر انڈین نیشنل کانگریس نے ہندوستان کے باشندوں کے اس جذبہ کو ایک مہم کی شکل میں مہمیز کیا۔ کچھ عرصہ کے بعد اس جد و جہد میں آل انڈیا مسلم لیگ بھی شامل ہو گئی۔ تھوڑی ہی مدت گذری تھی کہ مسلم لیگ کے رہنماؤں نے بوجوہ علاحدہ مسلم اکثریتی ریاست کا مطالبہ رکھا اور آہستہ آہستہ یہ مطالبہ زور پکڑتا چلا گیا۔ بالآخر کانگریسی قیادت کی رضامندی کے بعد سلطنت برطانیہ نے ہندوستان کو دو لخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلہ کے نتیجے میں ہندوستان بھارت ڈومینین اور ڈومنین پاکستان کے ناموں سے دو حصوں میں تقسیم ہو گیا اور اسی کے ساتھ ہندوستان نے برطانوی استعمار سے نجات پائی۔
جب براعظم افریقہ سے انسان نما انواع کا پھیلاؤ شروع ہوا تو ایک اندازے کے مطابق انھوں نے تقریباً بیس لاکھ یا شاید بائیس لاکھ برس ق ح برصغیر ہند کی زمین پر قدم رکھا۔[32][33][34] ان اندازوں کی بنیاد وہ دریافتیں ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ کھڑے آدمی کی نسل انڈونیشیا میں اٹھارہ لاکھ برس قبل اور مشرقی ایشیا میں تیرہ لاکھ ساٹھ ہزار برس قبل موجود تھی۔ نیز رائیوات میں واقع وادی سوانی اور موجودہ پاکستان میں واقع پبی پہاڑیوں سے ملنے والے سنگی آلات بھی کھڑے آدمی کی موجودگی کا پتا دیتے ہیں۔ یہ سنگی آلات نسل انسانی کے بالکل ابتدائی ایام کے ہیں۔[33][35] گو کہ بعض مزید پرانے انکشافات بھی ہوئے ہیں اور ان کی مدد سے آبی رسوبات کی بنیاد پر زمانے کا تعین کرنے کی کوشش بھی کی گئی ہے لیکن دیگر آزاد ذرائع سے ان کی اب تک تصدیق نہیں ہو سکی۔[36][34]
برصغیر ہند ميں پائے جانے والے انسان نما انواع کے قدیم ترین متحجرات یا ڈھانچے کھڑے آدمیوں یا ہائیڈل برگ انسانوں کے ہیں۔ یہ متحجرات وسطی ہندوستان میں واقع وادی نرمدا سے ملے ہیں اور تخمیناً پانچ لاکھ برس پرانے ہیں۔[33][36] نیز ایسے متحجرات بھی ملے ہیں جن کے متعلق یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ مذکورہ متحجرات سے زیادہ قدیم ہیں لیکن یہ دعویٰ قابل اعتبار نہیں ہے۔[36] اثریاتی شہادتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ سات لاکھ برس پہلے تک برصغیر ہند میں یہ انواع کہیں کہیں آباد تھیں اور اندازہً ڈھائی لاکھ برس قبل تک یہ برصغیر کے بڑے رقبے پر پھیل گئیں۔ چنانچہ اسی عہد سے قدیم انسانوں کے وجود کی اثریاتی شہادتیں بھی وافر تعداد میں ملتی ہیں۔[36][34]
جنوبی ایشیا کی آبادیات کے ایک ماہر جِم ڈائسن لکھتے ہیں:
” | موجودہ نسل انسانی کا ظہور افریقا کی سرزمین سے ہوا۔ اُس وقت یعنی ساٹھ ہزار سے اسّی ہزار سال قبل وقفے وقفے سے اس نسل کے چھوٹے چھوٹے گروہ برصغیر ہند کی شمال مغربی سمت سے داخل ہوئے۔ ایسا لگتا ہے کہ ابتدا میں ان کے قافلے ساحلی راستوں سے چل کر پہنچے۔۔۔۔۔اور یہ تقریباً طے ہے کہ موجودہ نسل انسانی برصغیر میں پچپن ہزار برس پہلے سے موجود ہے، گو کہ ان کے قدیم ترین آثار محض تیس ہزار برس ق ح پرانے ملے ہیں۔[37] | “ |
مائیکل پیٹراگلیا اور بریجٹ آلچن لکھتے ہیں:
” | وائے کروموزوم اور ایم ٹی۔ڈین این اے سے ملنے والی معلومات بتاتی ہیں کہ جنوبی ایشیا میں بسنے والی نسل انسانی کا آغاز سرزمین افریقا سے ہوا تھا۔۔۔۔۔بیشتر غیر یورپی گروہوں کے اتصال کی تاریخیں اوسطاً تہتر ہزار سے پچپن ہزار برس قبل کی ہیں۔[38] | “ |
اور جنوبی ایشیا کے ماحولیاتی تاریخ دان مائیکل فشر کے الفاظ میں:
” | محققین کا اندازہ ہے کہ موجودہ نسل انسانی کا افریقا سے باہر اور جزیرۃ العرب کے اُس پار پہلا کامیاب پھیلاؤ اسّی ہزار برس قبل سے چالیس ہزار برس قبل کے درمیان میں ہوا۔ اس سے پہلے بھی پھیلاؤ کی بعض کوششیں ہوئیں لیکن وہ ناکام رہیں۔ ان کی بعض اولادوں نے اپنی ہر نسل میں نوع انسانی کی مزید افزائش کی اور ان تمام سکونتی خطوں میں پھیل گئے جو راہ میں انھیں ملتے۔ ان میں سے ایک نسل خلیج فارس اور بحر ہند کے شمال میں واقع گرم اور اپجاؤ ساحلی زمینوں کے گرد پھرتی رہی اور بالآخر ان کے متفرق قافلوں نے پچھتر ہزار سے پینتیس ہزار برس قبل کے درمیانی عرصہ میں ہندوستان کا رخ کیا۔[39] | “ |
اثریاتی شہادتوں سے بھی یہ مفہوم اخذ کرنے کی کوشش کی گئی کہ برصغیر ہند میں نسل انسانی کی موجودگی کے آثار اٹھہتر ہزار سے چوہتر ہزار برس قبل کے ہیں[40] لیکن یہ مفہوم ہنوز متنازع ہے۔[41][42] جنوبی ایشیا میں ابتداً انسانی قافلے انفرادی طور پر شکار کی تلاش میں آئے اور پھر یہیں آباد ہو گئے۔ خطہ میں ان کی آمد اور سکونت نے لمبے عرصہ کے بعد زبردست تنوع پیدا کر دیا۔ اس نوع کی رنگا رنگی افریقا کے بعد جنوبی ایشیا ہی میں پائی جاتی ہے۔[43] ٹم ڈائسن رقم طراز ہے:
” | جینیاتی تحقیقات نے برصغیر کے ما قبل تاریخ عہد کے متعلق مزید معلومات سے پردہ اٹھایا ہے۔ بالخصوص اس خطہ میں جینیاتی تنوع بہت زیادہ ہے اور صرف افریقا کی آبادی ہی برصغیر سے زیادہ تنوع رکھتی ہے۔ اس سے متعلق برصغیر میں ابتدائی واقعات کی مضبوط شہادت بھی دستیاب ہے۔ اس سے مراد وہ حالات ہیں جن میں ایک چھوٹا گروہ (مثلاً قبیلہ) اصل افراد کی قلیل تعداد سے وجود میں آتا ہے۔ مزید برآں دنیا کے بیشتر خطوں سے موازنہ کیا جائے تو برصغیر کا معاشرہ دروں ازدواجی میں خاصا ممتاز نظر آئے گا۔[43] | “ |
آہستہ آہستہ یہ انسانی قافلے آوارہ گردی ترک کر کے کسی خطے میں مقیم ہونے لگے اور باقاعدہ بود و باش اختیار کر لی۔ یہاں سے نئے سنگی دور کا آغاز ہوتا ہے۔ برصغیر میں اندازہً نو ہزار برس قبل دریائے سندھ کے مغربی کناروں پر انسانی آبادی کی ابتدا ہوئی اور یہی آبادی بڑھتے بڑھتے قبل مسیح کے تیسرے ہزارے کی وادی سندھ کی تہذیب کی شکل میں نمودار ہوئی۔[2][44] چنانچہ ٹم ڈائسن لکھتے ہیں: "سات ہزار برس پہلے بلوچستان میں کاشت کاری کی مضبوط بنیاد پڑ چکی تھی اور اگلے دو ہزار برسوں میں مشرق کی طرف وادی سندھ میں آہستہ آہستہ اس کا رواج بڑھنے لگا۔" مائیکل فشر لکھتے ہیں:[45]
” | ایک مستحکم اور آباد کاشت کار معاشرے کے اولین نمونہ کا انکشاف مہر گڑھ میں ہوا ہے جو درۂ بولان اور وادی سندھ (اب پاکستان میں) کے درمیان میں پہاڑیوں کے بیچ واقع ہے (نقشہ 3.1 ملاحظہ فرمائیں)۔ سات ہزار ق م کے اوائل سے ہی یہاں زمین کی تیاری، اس کی دیکھ بھال اور مخصوص غلہ کی پیداوار کے لیے سخت محنت مشقت کی جانے لگی تھی۔ یہ کسان بھیڑ بکریاں، خنزیر اور بیل (کوہانی و غیر کوہانی دونوں) بھی پالتے تھے۔ بیلوں کو خصی کر دینے سے مثلاً یہ خوراک کی بجائے پالتو بار بردار جانور بن جاتے۔[45] | “ |
3300 ق م کے آس پاس برصغیر میں برنجی دور کا آغاز ہوا۔ قدیم مصر اور میسوپوٹیمیا کے خطوں کے ساتھ ساتھ وادی سندھ کا خطہ بھی انسانی تہذیب کے تین اولین گہواروں میں سے ایک ہے اور ان تینوں میں وادی سندھ کی تہذیب سب سے زیادہ وسيع رقبے پر پھيلی ہوئی تھی۔[47] کہا جاتا ہے کہ وادی سندھ کی تہذیب کے دور عروج میں یہاں پچاس لاکھ افراد بستے تھے۔[48] دریائے سندھ کی وادی اس تہذیب کا مستقر بنی، پھر مشرقی پاکستان اور شمال مغربی ہندوستان کے دریائے گھگر کی ترائی تک یہ پھیل گئی۔ 2600 ق م سے 1900 ق م تک اس تہذیب کے عروج کا دور ہے اور یہیں سے برصغیر ہند میں تمدنی زندگی کی بنیاد پڑتی ہے۔ پاکستان میں واقع ہڑپہ، گنیریوالا اور موہن جو دڑو، نیز ہندوستان میں موجود دھولویرا، کالی بنگا، راکھی گڑھی اور لوتھل اس تہذیب کے اہم مقامات تھے۔
قدیم وادی سندھ کے باشندے ہڑپہ نے دھات کاری اور دست کاری (سنگ یمانی کی مصنوعات اور مہر تراشی) کے نئے نئے اطوار ایجاد کیے اور تانبا، کانسی، سیسہ اور ٹین تیار کیے۔ مزید برآں ان لوگوں نے اینٹوں سے مکانات بنائے، نکاسی آب کا بہترین نظام قائم کیا اور متعدد منزلہ عمارتیں کھڑی کیں۔ کہا جاتا ہے کہ ان کے ہاں کسی طرز کا بلدیاتی نظم بھی پایا جاتا تھا۔[49]
وادی سندھ کی تہذیب کے سقوط کے بعد اس کے باشندے دریائے سندھ اور دریائے کھگر کی وادیوں سے نکل کر گنگا جمنا کی ترائی میں ہمالیہ کی نیچی پہاڑیوں کی جانب ہجرت کر گئے۔[50]
قبل مسیح کے دوسرے ہزارے کے دوران میں گنگ و جمن کے دو آبہ میں گیرو رنگ کے برتنوں کی ثقافت ابھری۔ یہ دیہاتوں کے باشندے تھے اور شکار و کاشت کاری ان کا ذریعۂ معاش تھا۔ وہ تانبے کے آلات جیسے کلہاڑی، تیر و تلوار اور نیزے وغیرہ استعمال کرتے اور مویشیوں میں گائے بیل بھینس، بھیڑ بکری، گھوڑے، کتے اور خنزیروں کو پالتے۔[52] سنہ 2018ء میں برنجی دور کے بنے ہوئے مضبوط پہیوں کے چھکڑے دریافت ہوئے[53] جن کے متعلق بعضوں کا کہنا ہے کہ ان رتھوں کو گھوڑے کھینچتے تھے۔[54][55][حاشیہ 1] اس دریافت کے بعد محققین کی توجہ مذکورہ مقام کی جانب مبذول ہوئی۔
وادی سندھ کی تہذیب کے آخری دنوں ميں يا اس کے کچھ عرصہ بعد وسط ایشیا سے ہند آریائی قبائل بر صغير ميں داخل ہوئے۔ مقامی لوگوں کے ساتھ ميل جول ہوا اور ايک نئی تہذيب نے جنم ليا۔ اسی دور ميں ويد لکھے گئے جن میں آریائی قبائل کے خداؤں کی حمدیہ نظمیں اکٹھا کی گئی ہیں۔ اس عہد کو ویدک دور کہا جاتا ہے۔ البتہ ویدک تہذیب کا دائرہ فقط ہندوستان کے شمال مغرب تک محدود تھا اور ہندوستان کے بقیہ خطے اپنی جداگانہ ثقافتی شناخت رکھتے تھے۔ اس تہذیب کو ویدوں میں بڑی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ یہ وید ویدک سنسکرت میں لکھے گئے ہیں اور آج بھی ہندوؤں کی مقدس کتابوں میں شامل ہیں۔ نیز یہ ہندوستان کے ان قدیم ترین متون میں سے ہیں جو دست بردِ زمانہ سے محفوظ رہے۔[57] ویدک عہد کا دورانیہ 1500 ق م سے 500 ق م تک ہے۔[58][59] ہندوستانی ثقافت کی تشکیل میں اس عہد کا خاصا اہم کردار رہا اور ہندوستان کے مختلف ثقافتی پہلوؤں کی بنیاد اسی عہد میں رکھی گئی۔ علاوہ بریں برصغیر ہند کے بہت سے علاقے اس عہد میں سنگی و برنجی دور سے آہنی دور میں داخل ہوئے۔[60]
خطۂ پنجاب اور گنگا کے بالائی میدان میں ویدک معاشرہ کے خد و خال کو واضح کرنے کے لیے مورخین ویدوں کا سہارا لیتے ہیں۔[60] بیشتر مورخین کا کہنا ہے کہ اس عہد میں شمال مغرب سے ہند آریائی قبائل نے متفرق طور پر بڑی تعداد میں ہندوستان کا رخ کیا اور پھر یہیں آباد ہو گئے۔[62][63] اتھرو وید کے زمانہ تک پیپل کے درخت اور گائے مقدس سمجھے جانے لگے تھے۔[64] ہندوستانی فلسفہ کے بہت سے تصورات (مثلاً دھرم) کی اصل اسی ویدک دور میں ملتی ہے۔[65]
ابتدائی ویدک معاشرہ کو رگ وید میں بڑی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ رِگ وید قدیم ترین ویدک متن ہے اور کہا جاتا ہے کہ قبل مسیح کے دوسرے ہزارے میں[66][67] برصغیر کے شمال مغربی خطہ میں یہ مدون ہوا۔[68] اُس وقت کا آریائی معاشرہ ہڑپہ کی شہری تہذیب سے یکسر مختلف، قبیلوں میں منقسم اور دیہی طرز معاشرت کا عادی تھا۔ ہڑپہ کا تمدن رخصت ہو چکا تھا اور اس کی جگہ دیہی زندگی نے لے لی تھی۔[69] اثریاتی تناظر میں ہند۔آریائی قبائل غالباً جزوی طور پر ابتدا میں گیرو رنگ کے برتنوں کی ثقافت سے مشابہ نظر آتے ہیں۔[70][71]
ریگ ویدک دور کے اختتام پر آریائی معاشرہ نے برصغیر ہند کے شمال مغربی خطہ سے آگے بڑھ کر دریائے گنگا کے مغربی میدانی علاقہ کی جانب پھیلنا شروع کیا۔ انھوں نے بڑی سرعت سے کاشت کاری کو پیشہ بنایا اور اپنے معاشرے کو چار ورنوں میں تقسیم کر کے ایک مخصوص طبقاتی نظام کے تحت اسے منظم کر لیا۔ اس سماجی ڈھانچے کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ اسے شمالی ہندوستان کے مقامی تمدن سے ہم آہنگ رکھا گیا تھا[72] لیکن آخرکار یہ ہم آہنگی برقرار نہیں رہی اور باہر سے آنے والے یہ آریہ قبائل مقامی قوموں کو حقیر اور ان کے پیشوں کو ذلیل سمجھنے لگے۔[73] اس عہد میں چھوٹے چھوٹے قبیلوں اور سرداروں نے آپس میں مل کر جن پد قائم کرنا شروع کیا۔[74]
برصغیر ہند میں 1200 ق م سے چھٹی صدی ق م کا درمیانی عرصہ آہنی دور کہلاتا ہے۔ یہ عہد جن پدوں کے عروج کا ہے جو دراصل مختلف سرداروں اور قبیلوں کے اتحاد سے بننے والی قلمرو، جمہوریے اور بادشاہتیں تھیں۔ ان جن پدوں میں کرو، پانچال، کوشل اور وِدیہ مملکتیں ممتاز ہیں۔[75][76]
کرو مملکت کا عہد تقریباً 1200 ق م سے 800 ق م تک تھا جو ویدک عہد میں صوبائی سطح کا پہلا معاشرہ نظر آتا ہے۔[77] اسی کے پہلو بہ پہلو اتھرو وید کی ترتیب و تدوین بھی جاری تھی۔ چنانچہ اس عہد کے یہ دونوں واقعات شمال مغربی ہندوستان میں آہنی دور کا نقطۂ آغاز سمجھے جاتے ہیں۔ اتھرو وید ہندوستان کی سب سے پہلی کتاب ہے جس میں "شیام آیَس" (سیاہ دھات) کے نام سے لوہے کا ذکر ملتا ہے۔[78] کرو مملکت نے ویدک عہد کی نظموں کو مرتب کیا اور سماجی نظم کو برقرار رکھنے کے لیے شَرَوت کی رسم ایجاد کی۔[78] پرکشت اور اس کے جانشین جن مے جے اس سلطنت کے عظیم بادشاہ گذرے ہیں جنھوں نے اپنی سلطنت کو چھوٹی قلمرو سے نکال کر اسے آہنی دور کے شمالی ہندوستان کی ایک با اثر سیاسی، سماجی اور تہذیبی طاقت بنا دیا تھا۔[78] کرو سلطنت کے زوال کے بعد ویدک تہذیب کا مرکز اس کی مشرقی ہمسایہ ریاست پانچال منتقل ہو گیا۔[78] منقش خاکستری برتنوں کی ثقافت کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ کرو اور پانچال سلطنتوں کی ہم عصر تھی اور 1100 ق م سے 600 ق م تک[70] ہریانہ اور مغربی اتر پردیش میں رائج رہی۔[78][79]
ویدک عہد کے اواخر میں ویدک تہذیب کے نئے مرکز کے طور پر ودیہ مملکت ابھر کر سامنے آئی۔ یہ مملکت مشرق کے اس خطہ میں قائم تھی جو اب نیپال اور بہار کا حصہ ہے۔[71] ودیہ بادشاہ جنک کے عہد میں برہمن پنڈتوں اور یاگیہ ولکیہ، آرونی، واچکنوی گارگی جیسے فلسفیوں کو شاہی دربار کی سرپرستی حاصل رہی اور یہی اس سلطنت کے عروج کا زمانہ ہے۔[80] اس دور کے آخری دنوں میں پورے شمالی ہندوستان میں مذکورہ جن پد سلطنتوں سے بڑی ریاستیں اور مملکتیں قائم ہونے لگیں جنھیں مہا جن پد سے موسوم کیا گیا۔
800 ق م سے 200 ق م کے درمیان میں شَرَمَن تحریک کی بنیاد پڑی اور اس کے بطن سے جین مت اور بدھ مت کا ظہور ہوا۔ نیز اسی عہد میں اولین اپنیشدیں بھی لکھی گئیں۔ 500 ق م کے بعد برصغیر نے وادی سندھ کی تہذیب کے سقوط کے بعد پہلی دفعہ اُس شہری تمدن کا پھر سے مشاہدہ کیا جسے تاریخ کے اوراق میں "دوسری شہر کاری" سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ گنگا اور بالخصوص وسطی گنگا کے میدانوں میں نئے شہر آباد ہوئے۔[81] درحقیقت دوسری شہر کاری کی بنیادیں 600 ق م سے پہلے ہی دریائے گھگر اور بالائی گنگا کے میدان میں رکھ دی گئی تھیں جو منقش برتنوں کی تہذیب کا علاقہ تھا۔ گرچہ ابتدا میں اس تہذیب کے بیشتر مقامات کسانوں کے چھوٹے چھوٹے گاؤں کی شکل میں تعمیر ہوئے لیکن یہی گاؤں آگے چل کر بڑے قصبات میں بدل گئے۔ ان میں سب سے بڑے قصبے کے گرد خندقیں کھودی گئی تھیں اور لکڑی کے جنگلے لگا کر ریت کے تودوں سے بند بنائے گئے تھے۔ گو کہ یہ انتظام اُن قلعہ بند، مستحکم اور بڑے شہروں کے مقابلہ میں مختصر اور بہت سادہ ہے جو 600 ق م کے بعد سیاہ قلعی دار شمالی برتنوں کی ثقافت کے عہد میں تعمیر کیے گئے۔[82]
دوسری شہر کاری[83][حاشیہ 2] کے عہد میں وسطی گنگا کا میدان ایک نمایاں تہذیبی خطہ تھا۔[84] اسی خاک سے مگدھ مہا جن پد کو عروج ملا جو آگے جا کر عظیم الشان موریہ سلطنت کی بنیاد بنا اور 500 ق م کے بعد اسی خطہ میں نئی ریاستیں قائم ہوئیں۔[85] یہ علاقہ ویدک ثقافت سے متاثر ضرور ہوا[86] لیکن یہ کرو پنچال کے خطہ سے بہت مختلف تھا۔[84] نیز "تا حال دریافت شدہ آثار کی رو سے جنوبی ایشیا میں یہ پہلا خطہ ہے جہاں سب سے پہلے چاول کی فصل اگائی گئی اور 1800 ق م تک یہ چراند اور چیچر نامی مقامات سے منسوب نئے حجری دور کی ترقی یافتہ آبادی کا مسکن رہا"۔[87] اسی سرزمین میں شَرَمَن روایت کا شجر ثمر دار پروان چڑھا اور پھر جین مت اور بدھ مت کی شاخیں پھونٹیں۔[81]
800 ق م سے 400 ق م تک ابتدائی اپنیشدیں مدوّن ہوتی رہیں[4][88][89] جنھوں نے ہندو مت کی نظریاتی اساس کا کام کیا۔ ان کتابوں کو ویدانت (یعنی ویدوں کا ماحصل) بھی کہا جاتا ہے۔[90] ساتویں اور چھٹی صدی ق م کے ہندوستان میں ایک جانب شہر کاری فروغ پا رہی تھی تو دوسری طرف شَرَمَن تحریکیں بھی انگڑائی لے کر بیدار ہو رہی تھیں۔ ان تحریکوں نے برہمنیت کے تسلط کو للکارا اور قدیم رسم و رواج کے زور کو توڑنے کی کوشش کی۔[4] جین مت کے تیر تھنکر مہاویر (تقریباً 549 ق م تا 477 ق م) اور بدھ مت کے بانی گوتم بدھ (تقریباً 563 ق م تا 483 ق م) اس تحریک کی نمایاں ترین شخصیات گذری ہیں۔ ان تحریکوں نے بد حال ہندوستانی معاشرے کو سنسار (تناسخ) اور موکش (نجات) کے نئے تصورات عطا کیے۔[91] گوتم بدھ نے ایک درمیانی راستہ بھی کھوج نکالا تھا جس کی مدد سے شرمن مذاہب کی کڑی ریاضتوں اور زہدِ بے جا کو قابو میں کیا گیا۔[92]
عین اسی دوران میں (جین مت کے چوبیسویں تیرتھنکر) مہاویر نے بعض مذہبی عقائد کی تبلیغ شروع کی اور یہی عقائد آگے چل کر جین مت کی شکل میں سامنے آئے۔[93] تاہم راسخ العقیدہ جینیوں کا ایمان ہے کہ تیر تھنکروں کی تعلیمات وقت سے پہلے ہی دے دی جاتی ہیں۔ محققین لکھتے ہیں کہ جین مت کے تیئیسویں تیر تھنکر پارشوناتھ (تقریباً 872 ق م تا 772 ق م) کی شخصیت تاریخی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ ویدوں میں بھی بعض تیر تھنکروں اور شرمن تحریک سے مشابہ درویشانہ تصورات کا ذکر ملتا ہے۔[94]
سنسکرت زبان کی شہرہ آفاق رزمیہ داستانیں راماین اور مہا بھارت اسی عہد کی یادگار ہیں۔[95] مہا بھارت دنیا کی طویل ترین نظم سمجھی جاتی ہے۔[96] انھی دو نظموں کی بنا پر مورخین اس عہد کو "مہا کاویہ عہد" سے موسوم کرتے تھے لیکن اب تحقیق سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ یہ نظمیں (جو ایک دوسرے سے بڑی حد تک مشابہ ہیں) صدیوں تک ارتقا کے مختلف مراحل سے گذر کر موجودہ شکل کو پہنچی ہیں۔ بر سبیل مثال مہا بھارت شاید (1000 ق م کی) کسی معمولی جھڑپ کے واقعات پر مبنی ہے جسے شاعروں اور رزمیہ نگاروں کے بے لگام تخیل نے عظیم الشان معرکہ میں تبدیل کر دیا۔ آثار قدیمہ سے اب تک کوئی ایسا حتمی ثبوت دریافت نہیں ہوا جس کی بنیاد پر یہ کہا جا سکے کہ مہا بھارت کی داستان تاریخی واقعات کا احاطہ کرتی ہے۔[97] ان رزمیہ داستانوں کے حالیہ متن کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ ویدک عہد کے بعد تقریباً 400 ق م سے 400 عیسوی کے درمیان میں وجود میں آئے۔[97][98]
چھٹی صدی ق م سے تیسری صدی ق م تک مہا جن پد کے عروج کا دور ہے۔ مہا جن پد ان سولہ طاقت ور حکومتوں اور چند سری جمہوریتوں کو کہا جاتا ہے جو شمال مغرب میں گندھارا سے لے کر مشرق میں بنگال تک پھیلی ہوئی تھیں اور ما ورائے وندھیاچل کے بعض علاقے بھی اس کے زیر نگین تھے۔[99] قدیم بودھ گرنتھوں انگُتّر نکائے[100] وغیرہ میں ان سولہ ریاستوں کا کثرت سے تذکرہ ملتا ہے۔ یہ سولہ ریاستیں حسب ذیل تھیں: انگ، اشمک، اَوَنتی، چیدی، گاندھار، کاشی، کمبوج، کوشل، کرو، مگدھ، ملّ، متسیہ، پاں چال، شورسین، وِرِجّی اور وتس۔ وادی سندھ کی تہذیب کے خاتمہ کے بعد اسی عہد میں پہلی بار ہندوستان میں بڑے بڑے شہر بسائے گئے۔[101] شاکیہ، کولی، ملّ اور لچھوی وغیرہ گن سنگھوں میں جمہوری نظام حکومت رائج تھا اور یہ گن سنگھ[102] کہلاتے تھے۔ بعض گن سنگھ[102] مثلاً ملّ، جس کا دار الحکومت کشی نگر تھا اور وَجّی، جس کا پایۂ تخت ویشالی تھا، وغیرہ چھٹی صدی ق م کے اوائل میں ہی قائم ہو چکے تھے اور کچھ خطوں پر چوتھی صدی عیسوی تک ان کی حکمرانی برقرار رہی۔[103] وجی مہا جن پد کے تخت اقتدار پر لچھوی سب سے معروف قبیلہ گذرا ہے۔[104]
سیاہ قلعی دار شمالی برتنوں کی ثقافت کا زمانہ بھی یہی ہے۔ گرچہ اس ثقافت کا مرکز گنگا کا وسطی میدان تھا لیکن وسطی اور شمالی ہندوستان کے خاصے وسیع رقبے پر اس کے اثرات موجود تھے۔ اس ثقافت کے زیر اثر بڑے بڑے شہر قائم ہوئے اور ان کے گرد مضبوط شہر پناہیں تعمیر کی گئیں، آبادی میں زبردست اضافہ ہوا، متعدد سماجی طبقات ابھرے، تجارت کا دائرہ بڑھا، مفاد عامہ کی تعمیرات وجود میں آئیں، آب رسانی کا نظام قائم ہوا، ہاتھی دانت، سنگ تراشی اور دیگر صنعتوں کے مختلف کارخانے قائم ہوئے، وزن کا نظام طے کیا گیا، آہت سکے ڈھالے گئے اور براہمی اور خروشٹھی رسم الخط ایجاد ہوئے۔[105][106] اس عہد میں عوام الناس کی زبان سنسکرت تھی، ہاں البتہ شمالی ہندوستان کی عوامی زبانوں کو پراکرت کہا جاتا ہے۔
500 یا 400 ق م یعنی گوتم بدھ کے عہد تک مذکورہ سولہ مہا جن پد چار بڑی ریاستوں میں ضم ہو گئے۔ یہ چار ریاستیں تھیں: وَتس، اَوَنتی، کوشل اور مگدھ۔ گوتم بدھ کے حالات زندگی انھی چار ریاستوں کے گرد گھومتے ہیں۔[101]
سلطنتِ مگدھ سولہ مہا جن پدوں میں سے ایک تھی اور دریائے گنگا کے جنوب میں واقع بھارت کا صوبۂ بہار اس کا مرکز تھا۔ ابتدا میں راجگیر پایۂ تخت رہا لیکن بعد میں پاٹلی پتر (موجودہ پٹنہ) منتقل ہو گیا۔ لچھوی اور انگ[107] کو یکے بعد دیگرے فتح کر لینے کے بعد بہار و بنگال کے بیشتر علاقوں پر اور بعد ازاں مشرقی اترپردیش و اڑیسہ پر بھی سلطنت مگدھ قابض و متصرف ہو گئی۔ جین اور بودھ گرنتھوں میں مگدھ کی اس قدیم سلطنت کا بارہا ذکر آیا ہے۔ نیز راماین، مہا بھارت اور پرانوں میں بھی اس کا مذکور ملتا ہے۔[108] مگدھ کا سب سے قدیم تذکرہ اتھرو وید میں ہے، اس میں انگوں، گندھاروں اور مُجوَتوں کے ساتھ مگدھ کے لوگوں کا نام بھی لیا گیا ہے۔ جین مت اور بدھ مت کے فروغ میں سلطنت مگدھ کا خاصا اہم کردار رہا۔ مگدھ کے دائرۂ اقتدار میں بعض جمہوری برادریاں مثلاً راج کمار برادری وغیرہ بھی شامل تھیں۔ علاوہ بریں مگدھ کے زیر نگین گاؤں کی اپنی پنچایتیں ہوتی تھیں جن کا مکھیا انھی میں سے ایک ہوتا اور وہ گرامک کہلاتا۔ سلطنت کا نظم و انصرام عاملہ، عدلیہ اور فوج کے شعبوں میں منقسم تھا۔
پالی گرنتھوں، جین آگموں اور ہندو پرانوں وغیرہ قدیم مآخذ سے معلوم ہوتا ہے کہ مگدھ پر کوئی 200 برس تک (تقریباً 600 ق م تا 413 ق م) ہَریَک خانوادہ حاکم رہا۔ اس خانوادے کا بادشاہ بمبی سار توسیع پسندانہ عزائم رکھتا تھا اور اسی بنا پر بمبی سار نے انگ پر حملہ کر کے اسے فتح کر لیا تھا۔ انگ کا علاقہ اب مشرقی بہار اور مغربی بنگال میں پڑتا ہے۔ بمبی سار کو اس کے بیٹے اجات شترو نے تخت سلطنت سے بے دخل کر کے قتل کر دیا اور خود حکمران بن کر اپنے باپ کی توسیع پسندانہ مہمات کو جاری رکھا۔ یہی دور ہے جس میں گوتم بدھ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ مگدھ سلطنت میں گزارا۔ انھیں بودھ گیا میں نروان حاصل ہوا، سارناتھ میں اپنا پہلا خطہ دیا اور راج گرہ میں پہلی بودھ سنگتی منعقد ہوئی۔[109] ہریک خانوادہ کے بعد شی شو ناگ خانوادہ تخت سلطنت پر متمکن ہوا۔ 345 ق م میں آخری شی شو ناگ بادشاہ کالا شوک مہا پدم نند کے ہاتھوں مارا گیا۔ کالا شوک کے مرتے ہی شی شو ناگ خاندان کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا اور مگدھ کے افق پر نندوں کا آفتاب طلوع ہوا۔ مہا پدم نند نو نندوں میں سے پہلا تھا اور اس کے بعد اسی کے آٹھ بیٹے نند کہلائے۔
نند سلطنت کی سرحدیں بنگال سے پنجاب تک اور جنوب میں وندھیاچل تک پھیلی ہوئی تھیں۔[110] یہ نند سلطنت کے عروج کا زمانہ تھا اور اس کی ثروت اور دولت مندی کے چرچے ہر طرف تھے۔ ہَریَک اور شی شو ناگ خانوادوں نے جس سلطنت کی بنیادیں اٹھائی تھیں، نند کے دور میں وہ بڑھتے بڑھتے شمالی ہند کی پہلی عظیم الشان سلطنت بن گئی۔[111] اس مقصد کے لیے انھوں نے زبردست فوج بنائی جس میں (کم ترین اندازے کے مطابق) 2 لاکھ پیادے، 20 ہزار سوار، 2 ہزار جنگی رتھ اور تین ہزار جنگی ہاتھی تھے۔[112][113][114] یونانی مورخ پلو ٹارک لکھتا ہے کہ نند افواج میں 2 لاکھ پیادے، اسی ہزار سوار، آٹھ ہزار جنگی رتھ اور چھ ہزار جنگی ہاتھی تھے۔[113][115] دھنا نند کے عہد میں سکندر شمال مغربی ہندوستان پر حملہ آور ہوا لیکن نند افواج کو سکندر اعظم سے مقابلہ کرنے کا موقع نہیں ملا کیونکہ دریائے بیاس پر یونانی افواج نے سکندر کے خلاف بغاوت کر دی اور مزید پیش قدمی سے انکار کر دیا تھا۔ چنانچہ سکندر کو پنجاب اور سندھ کے میدانوں سے واپس لوٹنا پڑا۔[113]
بر صغير سے سکندر اعظم کے جانے کے بعد نند سلطنت کی بساط الٹ گئی اور موريا دور کا آغاز ہوا۔ برصغیر کی تاریخ میں پہلی بار ایسی عظیم الشان اور مستحکم سلطنت قائم ہوئی تھی۔[116] موریا سلطنت (322 ق م تا 185 ق م) نے اپنے عہد عروج میں ہندوستان کے بیشتر خطوں کو اپنی سلطنت کے حدود میں شامل کر لیا تھا۔ چنانچہ اس کی حکومت شمال میں ہمالیہ سے جنوب میں کرناٹک تک اور مشرق میں آسام سے مغرب میں کوہ ہندوکش سے پرے افغانستان تک پھیلی ہوئی تھی۔ سکندر کی واپسی کے بعد چانکیہ (کوٹلیہ) کی مدد سے چندرگپت موریا نے مگدھ (موجودہ بہار) میں نند سلطنت کا تختہ پلٹا اور موریا سلطنت کی بنیاد رکھی۔[117]
چندر گپت نے اپنے دشمنوں کو زیر کرتے ہوئے بڑی سرعت سے مغربی ہند سے وسطی ہند تک اپنا اقتدار قائم کر لیا اور 317 ق م تک پورا شمال مغربی ہندوستان اس کے ما تحت آچکا تھا۔ بعد ازاں سلوقی موریا جنگ کے میدان میں اس نے سلوقی اول کو شکست دی جو سلوقی سلطنت کا بانی اور سکندر کا دوست تھا۔ اس جنگ میں فتح پانے کے بعد دریائے سندھ کا مغربی خطہ بھی اس کی حکومت میں شامل ہو گیا۔ چندر گپت کے بعد اس کا بیٹا بندو سار 297 ق م کے آس پاس تخت سلطنت پر بیٹھا۔ اس کی وفات تک (تقریباً 272 ق م) برصغیر ہند کا بڑا رقبہ موریا سلطنت کے حدود میں شامل ہو چکا تھا۔ البتہ کلنگ کا علاقہ (موجودہ اڈیشا) اس کے دائرۂ اقتدار سے باہر رہا۔ شاید اس کی وجہ یہ تھی کہ جنوب سے کلنگ کے تجارتی روابط مضبوط تھے۔[118]
بندو سار کے بعد سلطنت کی باگ ڈور اشوک کے ہاتھوں میں آئی۔ اشوک نے 232 ق م میں اپنی وفات تک تقریباً 37 برس حکومت کی۔[119] تخت نشینی کے کچھ عرصہ بعد 260 ق م کے آس پاس اشوک بھاری فوج لے کر کلنگ پر قبضہ کے ارادے سے نکلا۔ گھمسان کی جنگ ہوئی، لاکھوں آدمی مارے گئے لیکن کلنگ کا راجا اتنی بڑی فوج کے سامنے ٹک نہ سکا اور میدان اشوک کے ہاتھ رہا۔ جنگ ختم ہونے کے بعد جب اشوک میدان کارزار کا معائنہ کر رہا تھا تو انسانی لاشوں کے انبار، زخموں سے چور فوجیوں اور جا بجا کٹے ہوئے سروں اور بریدہ ہاتھ پاؤں کو دیکھ کر اس کی طبیعت سخت متوحش ہوئی اور شدید احساس ندامت نے اسے آگھیرا۔ اس منظر نے اشوک کے وجود کو اندر سے ہلا ڈالا تھا۔ بالآخر اس نے زور و تشدد کی راہ ترک کر دی اور بدھ مت قبول کرنے کا اعلان کیا۔[118] اشوک کے عہد حکومت میں بدھ مت سارے ہندوستان میں پھیل چکا تھا۔ اشوک خود بدھ مت کا مبلغ بن کر تبلیغی دورے کرتا، اپنی رعایا سے ملتا اور انھیں بدھ مت کی تعلیم دیتا۔ اشوک کی وفات کے بعد سلطنت کا زوال شروع ہوا اور آخری موریا بادشاہ برہ دَرَتھ کو اس کے برہمن سالار پشیہ متر شونگ نے قتل کر کے آپ مگدھ کے تخت پر قابض ہوا اور یوں شونگ سلطنت کی ابتدا ہوئی۔[119] اس دوران میں اور اس کے بعد بھی يونانيوں اور کشانوں کا اثر برقرار رہا۔ کشان راجا گجر قوم سے تھا جس کا پورا نام مہاراجا کنشک کسانہ ہے اور اس کی اولاد آگے چل کر کسانہ کہلائی۔ اس کا دار الخلافہ قنوج تھا جس کے کھنڈر آج بھی شمالی بھارت میں پائے جاتے ہیں۔
چندر گپت موریہ اور اس کے جانشینوں کے دور میں کاشت کاری اور اقتصادی سرگرمیاں سارے ہندوستان میں تیز تر ہو گئی تھیں اور مقامی و بیرونی تجارت خوب پھل پھول رہی تھی۔ اس ترقی اور خوش حالی کی وجہ موریا سلطنت کا وہ مستحکم اور متحدہ نظام تھا جو مالی، انتظامی اور حفاظتی شعبوں میں رائج تھا اور اسی بہترین نظم نے سارے ہندوستان کو ایک سرے سے دوسرے تک ایک لڑی میں پرو دیا تھا۔ موریا حکمرانوں نے گرینڈ ٹرنک روڈ تعمیر کی جو ایشا کی قدیم ترین اور طویل ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے اور برصغیر ہند کو وسطی ایشیا سے جوڑتی ہے۔[120] جنگ کلنگ کے بعد تقریباً نصف صدی تک سلطنت میں ہر طرف امن و امان کا راج رہا۔ یہ عوام کی فلاح و بہبود، سماجی ہم آہنگی، مذہبی تبدیلی اور علوم و فنون کی ترقی کا زمانہ تھا۔ چندر گپت کے جین دھرم کو اختیار کر لینے کے بعد ہندوستانی معاشرے میں سماجی اور مذہبی تبدیلیوں اور اصلاحات کا آغاز ہوا تھا۔ جبکہ اشوک کی تبدیلی مذہب کے متعلق کہا جاتا ہے کہ اس واقعہ نے ہندوستانی معاشرے کی سماجی و سیاسی بُنت میں ایک انقلاب برپا کر دیا اور سارا ہندوستان عدم تشدد، امن و امان اور بے مثال نظم و ضبط کا گہوارہ بن گیا۔ اشوک نے حکومت کے سفیروں کی بجائے ملکوں ملکوں بدھ مت کے مبلغین بھیجے جنھوں نے گوتم بدھ کے پیغام کو عام کیا۔ چنانچہ اس کے مبلغین سری لنکا، جنوب مشرقی ایشیا، مغربی ایشیا، شمالی افریقا اور یورپ کے بحیرۂ روم تک پہنچے اور ان مقامات کو بدھ مت کی تعلیمات سے رو شناس کیا۔[121]
ارتھ شاستر اور اشوک کے کتبے موریا دور کے احوال و وقائع کے اولین مآخذ ہیں۔ اثریات کی رو سے یہ سیاہ قلعی دار شمالی برتنوں کی تہذیب کا زمانہ تھا۔ موریا سلطنت کی بنیادیں اپنے عہد کی ترقی یافتہ معیشت اور ہنر مند سماج پر استوار تھیں۔ گرچہ اس عہد میں سامان تجارت کی خریداری کا سارا نظام حکومت کے متعینہ اصول و ضوابط کے تحت ہی انجام پاتا تھا[122] لیکن معاشرے میں بنکاری کا سراغ نہیں ملتا اور شرح سود بندھے ہوئے سماجی چلن کے مطابق ہی لی اور دی جاتی تھی۔ انسانی غلامی کی شہادتیں بڑی تعداد میں ملتی ہیں جن سے صاف ظاہر ہے کہ موریا معاشرے میں غلاموں کا چلن عام تھا۔[123] اسی عہد میں شمالی ہندوستان میں ایک قسم کا نہایت معیاری فولاد تیار کیا گیا جسے ووٹز فولاد کہتے ہیں۔ یہ فولاد چین اور عرب تک جاتا تھا۔[8]
تیسری صدی ق م سے چوتھی صدی عیسوی تک کا زمانہ سنگم عہد کہلاتا ہے۔ یہ تمل ادب کے فروغ کا زمانہ ہے اور اسی عہد میں تین تمل شاہی خانوادوں چیر، چول اور پانڈیہ نے جنوبی ہند کے مختلف علاقوں پر حکمرانی کی۔ یہ تینوں شاہی خانوادے تمل اکام کے تاجوران ثلاثہ کہلاتے ہیں۔[125]
سنگم عہد کے ادیبوں نے اپنی تخلیقات میں اس دور کے وقائع و تواریخ، سیاسیات اور جنگوں اور تمل قوم کی تہذیب و ثقافت کو بڑی وضاحت اور تفصیل سے بیان کیا ہے۔[126] ان ادیبوں کا تعلق کسی مقتدر خانوادے سے نہیں تھا، بلکہ سماج کے معمولی گھروں میں ان کا جنم ہوا اور عوام الناس کے درمیان میں پرورش پائی۔ ان کے مسائل کا بچشم خود مشاہدہ کیا اور ان کے درد و کرب کو محسوس کیا۔ گو کہ ان ادیبوں کو شاہانہ سرپرستی حاصل تھی، لیکن انھوں نے راجوں مہاراجوں کی قصیدہ نگاری کی بجائے سماج کے عام طبقات کی زندگی اور ان کے روزمرہ مسائل کو اپنی توجہ کا مرکز بنایا۔[127] سنسکرت مصنفین کے برعکس جو بالعموم برہمن ہوا کرتے تھے، سنگم ادب کے تخلیق کاروں کا تعلق مختلف سماجی طبقوں سے تھا، وہ متنوع پس منظر کے حامل اور بیشتر غیر برہمن تھے۔ ان کا دھرم مختلف اور پیشے جدا جدا تھے۔ ان میں کاشت کار بھی تھے، دست کار بھی تھے، دکان دار، تاجر اور پروہت بھی تھے۔ ان میں عورتیں بھی تھیں اور شاہزادے بھی تھے۔[127]
تقریباً 300 ق م سے 200 عیسوی تک پَتو پاٹّو، ایٹو توگئی اور پَتی نَینکل کنکّو لکھے جاتے رہے۔ پَتو پاٹّو اوسط لمبائی کی دس نظموں کا مجموعہ ہے اور سنگم ادب کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ ایٹو توگئی میں آٹھ منتخب مجموعہ ہائے کلام کو یکجا کیا گیا ہے اور پَتی نَینکل کنکّو اٹھارہ مختصر نظموں کا مجموعہ ہے۔ نیز تمل زبان کے گرامر کی قدیم ترین کتاب تولکا پیئم بھی اسی دوران میں تصنیف کی گئی۔[128] علاوہ بریں سنگم عہد میں تمل ادب کے پانچ عظیم رزمیے (ائیم پیروم کاپّی یَنکَل) بھی تخلیق کیے گئے۔ سیلاپتی کارم کو ایلانگو ادیگل نے لکھا جو ایک غیر مذہبی رزمیہ ہے۔ اس رزمیہ کا مرکزی کردار کن نکی نامی ایک خاتون ہے جس کے ساتھ پانڈیہ دربار میں نا انصافی ہوتی ہے اور وہ اپنے شوہر سے علاحدہ ہو جاتی ہے۔ اس ظلم پر کن نکی کا جذبۂ انتقام بیدار ہوتا ہے اور سلطنت سے بدلہ لینے کی ٹھان لیتی ہے۔[129] سیتَلئی ساتّنار نے منی میکالئی تصنیف کی جو دراصل سیلاپتی کارم ہی کا تسلسل ہے۔ اس میں کوولن کی بیٹی مادھوی کی کہانی نظم کی گئی ہے جو بودھ بھکشونی بن جاتی ہے۔[130][131]
تیسری صدی عیسوی سے چھٹی صدی عیسوی کا درمیانی عرصہ ہندوستان کا کلاسیکی دور کہلاتا ہے۔ یہ عہد موریہ سلطنت کے زوال سے شروع ہو کر گپت سلطنت کے زوال تک جاری رہا۔ اس دور کو مزید مختلف ذیلی ادوار میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہی وہ دور ہے جس میں شونگ اور ساتواہن سلطنتوں کو عروج حاصل ہوا۔ چوتھی صدی عیسوی سے چھٹی صدی عیسوی تک گپت سلطنت قائم رہی۔ گپت سلطنت کا یہ دور ہندومت کی تاریخ کا عہد زریں سمجھا جاتا ہے۔ کلاسیکی عہد کی اس پوری مدت میں مذکورہ سلطنتوں کے علاوہ ہندوستان کے مختلف خطوں پر دیگر متعدد سلطنتیں بھی حکمران رہیں اور انھوں نے پوری خود مختاری سے اپنی ریاست کا نظم و نسق سنبھالا۔ علاوہ بریں تیسری صدی ق م سے تیسری صدی عیسوی تک جنوبی ہندوستان میں سنگم ادب بھی نکھرتا اور ترقی کی منزلیں طے کرتا رہا۔ اس پورے عرصہ میں یعنی پہلی صدی عیسوی سے 1000 عیسوی تک ہندوستانی کی معیشت دنیا کی کل دولت کا ایک تہائی سے ایک چوتھائی حصہ رہی، اس لحاظ سے اُس وقت ہندوستان کی معیشت دنیا کی سب سے بڑی معیشت تھی۔
شونگ مگدھ سے اٹھے اور برصغیر ہند کے مشرقی اور وسطی علاقوں تک اپنی سلطنت قائم کر لی۔ ان کا عہد سلطنت تقریباً 187 ق م سے 78 ق م تک رہا۔ پشیہ متر شونگ نے موریا سلطنت کے آخری بادشاہ کو تخت و تاج سے بے دخل کر کے اس سلطنت کی بنیاد رکھی۔ اس کا دار السلطنت پاٹلی پتر تھا لیکن آگے چل کر بعض شونگ بادشاہوں مثلاً بھگ بھدر وغیرہ نے ودیشا میں بھی اپنا دربار کیا جو اُس وقت بیس نگر کہلاتا تھا اور مشرقی مالوہ میں واقع تھا۔
پشیہ متر شونگ نے 36 برس حکومت کی۔ بعد ازاں اس کا بیٹا اگنی متر اس کا جانشین ہوا۔ کل دس شونگ بادشاہ گذرے ہیں لیکن اگنی متر کی وفات کے بعد سلطنت کا شیرازہ تیزی سے بکھرنے لگا۔ اس عہد کے کتبات اور سکوں سے معلوم ہوتا ہے کہ شمالی اور وسطی ہندوستان میں چھوٹی چھوٹی متعدد سلطنتیں اور بھی موجود تھیں جو شونگ کی بالادستی سے مکمل آزاد اور خود مختار تھیں۔ شونگ سلطنت اپنے دور حکمرانی میں بیرونی اور اندرونی دونوں طاقتوں سے نبرد آزما رہی۔ چنانچہ کلنگ کی مہامیگھ واہن سلطنت، دکن کی ساتواہن سلطنت، ہند یونانیوں اور غالباً پانچال اور متھرا کی متر سلطنت سے ان کی کئی جنگیں ہوئیں۔
فنون لطیفہ اور فلسفہ کی مختلف شکلیں اور تعلیم و تعلم کے دیگر وسائل بھی اس عہد میں پروان چڑھے جن میں کھپریلوں پر شبیہ سازی، پتھروں کے دیو ہیکل مجسمے اور تعمیراتی یادگاریں بھرہوت اور سانچی کے معروف استوپ وغیرہ خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔ شونگ بادشاہوں نے فنون لطیفہ اور تعلیم کے فروغ کے لیے شاہی وظیفہ بھی جاری کیا اور اس روایت کو قائم کرنے میں ان کا بڑا حصہ رہا۔ امور سلطنت میں جس رسم الخط کو استعمال کیا جاتا تھا، وہ براہمی رسم الخط کی ایک شکل تھی جس میں سنسکرت لکھی جاتی۔ شونگ سلطنت نے ایسے وقت میں ہندوستانی ثقافت کے فروغ میں مربیانہ کردار نبھایا جب ہندو افکار میں بعض اہم ترین تغیرات رونما ہو رہے تھے۔ اس نے سلطنت کو پھلنے پھولنے اور اقتدار حاصل کرنے میں خاصی مدد کی۔
ساتواہن سلاطین اصلاً دکنی تھے، اسی بنا پر وہ "آندھرا سلاطین" بھی کہلاتے ہیں۔ آندھرا پردیش کا مقام امراوتی ان کا دار السلطنت تھا لیکن مختلف ادوار میں ان کا پایۂ تخت تبدیل ہوتا رہا، کبھی جنر (پونہ) ان کا مستقر رہا، کبھی پرٹسٹھان (پئے ٹھن)، مہاراشٹر ان کا صدر مقام بنا۔ پہلی صدی ق م میں ان کی سلطنت کی بنیاد پڑی اور رفتہ رفتہ انھوں نے ہندوستان کے بڑے حصے پر اپنا اقتدار قائم کر لیا۔ پہلے یہ موریا سلطنت کے باج گزار تھے لیکن اس کے زوال کے بعد اپنی خود مختاری کا اعلان کر دیا اور دکن کے نصف بالائی حصہ پر ایک سرے سے دوسرے سرے تک قابض ہو گئے۔
ساتواہن سلاطین ہندومت اور بدھ مت کے بڑے سرپرست اور مربی گذرے ہیں۔ ان کی اسی سرپرستی کا نتیجہ ہے کہ آج ایلورا سے امراوتی تک بدھ مت کی متعدد یادگاریں پائی جاتی ہیں۔ ساتواہن ان اولین ہندوستانی ریاستوں میں سے ہے جنھوں نے اپنے سکوں پر سلاطین کی شبیہ بنائی۔ نیز ان سلاطین نے سندھ و گنگ کے میدان اور جنوبی ہندوستان میں ایک تہذیبی پل کا کام کیا جس کی مدد سے شمالی ہند کے افکار و تصورات جنوب تک پہنچے۔ علاوہ بریں ساتواہن نے ان دونوں خطوں میں تجارتی روابط کے استحکام میں بھی خاصا اہم اور فعال کردار نبھایا۔
ساتواہن کو اپنے اقتدار کے استحکام کی خاطر شونگ اور مگدھ کی اُس وقت کی کَنَو سلطنت سے معرکہ آرائی بھی کرنا پڑی۔ آگے چل کر یہی سلطنت ہندوستان پر بیرونی حملوں کے سامنے مضبوط فصیل ثابت ہوئی اور ہندوستان کے بڑے حصے کو خارجی عناصر مثلاً شکوں، یونانیوں اور پہلووں کے ہاتھوں میں جانے سے محفوظ رکھا۔ بالخصوص مغربی شترپوں سے ان کی کشمکش طویل عرصہ تک جاری رہی۔ اور بالآخر ساتواہن سلاطین گوتمی پتر شاتکرنی اور یگیہ شری شاتکرنی جیسے بیرونی حملہ آوروں کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ تیسری صدی عیسوی میں ساتواہن سلطنت کا شیرازہ بکھر گیا اور وہ متعدد چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم ہو گئی۔
کُجُل کڈفِسیس کشان سلطنت کا پہلا فرماں روا تھا۔ تقریباً پہلی صدی عیسوی کے وسط تک اس نے اپنی سلطنت کے رقبہ کو موجودہ افغانستان سے باہر برصغیر ہند کے شمال مغرب تک پھیلا دیا تھا۔ کشانیوں کے متعلق یہ گمان ہے کہ وہ تشاری زبان بولنے والے اور یوہژی اتحاد کے پانچ ارکان میں سے ایک تھے۔ کجل کڈفسیس کے پوتے کنشک اعظم کے دور حکومت تک افغانستان کے بیشتر حصہ پر کشان قابض ہو چکے تھے۔ پھر سلطنت کی فتوحات کا دائرہ شمالی ہندوستان کے خطے ساکیت اور وارانسی کے قریب واقع سارناتھ تک وسیع ہو گیا۔
شہنشاہ کنشک بدھ مت کا بڑا مربی تھا۔ لیکن جب کشان جنوب کی طرف بڑھے تو ان کے دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں میں نئی ہندو اکثریت کا عکس نمایاں ہونے لگا۔ اس کے باوصف بدھ مت کے استحکام میں کشانیوں کے غیر معمولی کردار کو فراموش نہیں جا سکتا۔ ہندوستان سے وسط ایشیا تک اور چین کی سرزمین پر بدھ مت کا استحکام انھی کشانیوں کی کاوشوں کا ثمر ہے۔
مورخ ونسنٹ اسمتھ کنشک کے متعلق لکھتا ہے:
بدھ مت کی تاریخ میں کنشک نے اشوک ثانی کا کردار ادا کیا۔
علاوہ بریں کشانی فرماں رواؤں نے بحر ہند کی سمندری تجارت کو وادی سندھ کے ذریعہ شاہراہ ریشم کے کاروبار سے جوڑا اور دور دراز کے ممالک سے تجارت کی سرپرستی کی، بالخصوص چین اور روم کے مابین تجارت کی خوب ہمت افزائی کی۔ اس عہد میں گندھارا اور متھرا کے فنون بھی بہار دکھانے لگے تھے۔ ان میں نئے شگوفے کھلے، نئے غنچے چٹخے، نئے رجحان سامنے آئے اور یہ فنون اپنی جوبن پر آگئے۔
ہیو جارج رالنسن رقم طراز ہے:
کشانوں کا عہد گپت سلطنت کی تمہید تھا۔
تیسری صدی عیسوی تک پہنچتے پہنچتے کشانوں کی سلطنت بکھرنے لگی۔ ان کا آخری قابل ذکر بادشاہ واسو دیو اول تھا۔
گپت سلطنت کے عہد حکومت کو تہذیبی اور ثقافتی شعبوں خصوصاً ادب، فن تعمیر، سنگ تراشی اور نقاشی میں نمایاں مقام حاصل ہے۔[132] اس عرصہ میں کالی داس، آریہ بھٹ، وراہ مہیر، وشنو شرما اور وتسیہ یان جیسی ذی علم ہستیاں ابھریں جنھوں نے علوم و فنون کے مختلف میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دیے اور اپنے دیرپا نقوش چھوڑے۔ انھی وجوہ سے گپت عہد کو ہندوستانی ثقافت کی تاریخ کا اہم ترین موڑ سمجھا جاتا ہے۔ گپت سلاطین نے اپنی حکمرانی کو تقویت بخشنے اور ہندوؤں کی نگاہ میں اسے قانونی جواز فراہم کرنے کے لیے ایک طرف ویدک امور انجام دیے اور دوسری جانب انھوں نے بدھ مت کو بھی اپنا سایۂ عاطفت عطا کیا جو برہمنی عقائد کے بالمقابل ایک متبادل نظام فکر کے روپ میں اپنا وجود برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ نیز گپت سلطنت کے ابتدائی تین سلاطین چندر گپت اول، سمدر گپت اور چندر گپت دوم کے عہد میں ہونے والی لشکر کشی سے ہندوستان کا بڑا حصہ گپت سلطنت کے زیر نگین آگیا۔[133] اس عہد میں علوم و فنون اور سیاسی انتظام و انصرام نے نئی چوٹیاں سر کیں۔ مضبوط تجارتی تعلقات نے بھی اِس خطے کو ایک اہم تہذیبی مرکز بنانے میں خاصا بڑا کردار نبھایا اور قریبی ریاستوں اور حکومتوں مثلاً سمندری جنوب مشرقی ایشیا (برونائی، انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، سنگاپور اور مشرقی تیمور)، نیز ہند چینی (کمبوڈیا، لاؤس، میانمار، تھائی لینڈ اور ویت نام) وغیرہ پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوئے[134] اور گپت سلطنت کی مدت حکمرانی امن و سکون اور چین و سلامتی میں ضرب المثل بن گئی۔ یہی وجہ ہے کہ تاریخ کے چہرے پر اس عہد کو گپت سلطنت کا بوسۂ امن قرار دیا جاتا ہے۔
بعد میں آنے والے گپت سلاطین الچون ہن کی آمد تک اپنی سرحدوں کا کامیاب دفاع کرتے رہے۔ پانچویں صدی عیسوی کے نصف اول میں الچون ہن افغانستان کی سرزمین پر ابھرے اور بامیان کو اپنا دار الحکومت بنا کر گپت سلطنت کی شمال مغربی سرحدوں پر حملہ آور ہوئے۔[135] تاہم شمال کی اس شورش سے دکن سمیت جنوبی ہندوستان کے اکثر حصے عام طور پر محفوظ رہے۔[136][137]
گپت خاندان کی تباہی ان منگول قوموں کے ہاتھوں ہوئی جو ہن کہلاتی تھیں۔ یہ لوگ سفید رنگت کی وجہ سے سفید ہن کہلائے۔ ان کی ایک شاخ ایران میں مقیم ہو گئی جبکہ ایک گروہ ترکی چلا گیا اور ایک شاخ یورپ جا کر آباد ہو گئی۔ 450ء کے قریب یہ قبائل پنجاب کی سرزمین پر وارد ہوئے اور اسی جگہ بود و باش اختیار کر لی۔ یہاں سے چل کر یہ لوگ جمنا کی تلہٹی میں پہنچے اور اس وقت کے گپت راجا پر غالب آگئے۔ ان کے سردار کا نام تورمان تھا۔ اس نے 500ء کے قریب اپنے آپ کو مالوے کا راجا بنایا اور مہاراجا کہلوایا۔ اس کے بعد اس کا بیٹا مہر گل گدی پر بیٹھا۔ یہ بڑا بے رحم اور ظالم حکمران تھا۔ اس نے بے شمار افراد قتل کروائے۔ اس کا ظلم و ستم اس حد تک بڑھ گیا کہ بالآخر ہندوستان کے تمام بادشاہ مہر گل کے خلاف متحد ہوئے اور مگدھ کا راجا بالا دتیہ وسط ہند کے ایک راجا یسودھرمن کی مدد سے بڑی بھاری فوج لے کر اس کے مقابلے پر آیا۔ 528ء میں ملتان کے قریب کہروڑ کے مقام پر مہر گل کو شکست دی اور مہر گل اور اس کی فوج کو ہندوستان سے نکال دیا۔ مہر گل کشمیر چلا گیا، وہاں کے راجا نے اسے پناہ دی۔ ہن ہندوستان میں سو برس کے قریب رہے۔ روایات کے مطابق ہن قبائل نے بعد میں کاشتکاری کا پیشہ اختیار کر لیا۔ یہ لوگ زیادہ تر گایوں کی افزائش نسل کرتے تھے، اس لیے انھیں "گاؤ چر" کا خطاب ملا جو کثرت استعمال سے گجر بن گیا۔ انھوں نے ہندوستان میں گجرات، گوجرہ اور گوجرانوالہ کے شہر آباد کیے۔
تيرہويں صدی ميں شمالی ہند ميں دہلی سلطنت قائم ہوئی۔ اس کا آغاز خاندان غلاماں نے رکھا۔ اس کے بعد شمالی ہند کا تاج خلجی، تغلق، سيد اور پھر لودھی خاندانوں کے پاس گيا۔
اس دوران میں جنوبی ہند ميں باہمنی اور وجے نگر سلطنتیں قائم تھيں۔
سن 1526ء ميں شہنشاہ بابر نے دہلی پر قبضہ کر کے بر صغير ميں مغل سرکار کی بنياد رکھی۔ اس کے بعد تاج ہمايوں، اکبر، جہانگیر، شاہ جہاں اور اورنگزيب کے پاس گيا۔ يہ دو سو سال بر صغير کا ايک سنہرا دور تھا۔ اس دور ميں علم و ادب اور فن نے بہت ترقی کی۔
اس دوران میں جنوبی ہند ميں ايک ايک کر کے مغلوں نے کئی علاقوں پر قبضہ کر ليا۔
دیگر مغل یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ مقامات | ||||||||
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
|
بر صغير ميں یورپی اثر سولہويں صدی سے بڑھتا جا رہا تھا۔ انگريزوں نے کئی علاقوں ميں حکومت کرنا شروع کر دی تھی۔ سن 1857ء ميں بر صغير کے لوگوں نے انگريزوں کے خلاف سب سے پہلی جنگ آزادی لڑی جس ميں وہ ہار گئے۔
سنہ 1947ء ميں برطانوی ہند کی تقسیم کے ساتھ پاکستان اور ہندوستان کو آزادی ملی۔ 1971ء ميں بنگلہ ديش پاکستان سے عليحدہ ہو گيا۔ 1972ء ميں سری لنکا کو مکمل آزادی مل گئی۔
|
|
|
|
|
|
حالیہ دہائیوں میں تاریخ نگاری کے چار اہم مکاتب ہیں کہ مورخین کس طرح ہندوستان کا مطالعہ کرتے ہیں: کیمبرج، نیشنلسٹ، مارکسی اور سبالٹرن۔ ایک زمانے میں عام "مشرقی" نقطہ نظر جس کی اپنی حس، عسیر الفہم اور مکمل روحانی ہندوستان کی تصویر تھی، سنجیدہ علمی وظائف میں ختم ہو چکی ہے۔ [139]
"کیمبرج مکتب فکر" جس کی قیادت انیل سیل، [140] گورڈن جانسن، [141] رچرڈ گورڈن اور ڈیوڈ اے واشبروک، [142] کر رہے ہیں، نظریات کی نفی کرتے ہیں۔۔ تاہم تاریخ نگاری کے اس مکتب پر مغربی تعصب یا یورو سینٹرزم کی وجہ سے تنقید کی جاتی ہے۔ [143]
"نیشنلسٹ مکتب فکر" نے کانگریس، گاندھی، نہرو اور اعلیٰ سطح کی سیاست پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اس نے 1857ء کے بغاوت کو آزادی کی جنگ کے طور پر اجاگر کیا اور 1942ء میں شروع ہونے والی گاندھی کی تحریک 'ہندوستان چھوڑ دو' کو تاریخی واقعات کی وضاحت کے طور پر لکھا۔ تاریخ نگاری کے اس مکتب کو اشرافیت پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ [144]
"مارکسی مکتب فکر" نے نوآبادیاتی دور میں معاشی ترقی، زمین کی ملکیت اور طبقاتی کشمکش اور نوآبادیاتی دور میں غیر صنعتی ہونے کے مطالعے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ مارکسیوں نے گاندھی کی تحریک کو بورژوا اشرافیہ کے آلہ کار کے طور پر پیش کیا تاکہ مقبول، ممکنہ طور پر انقلابی قوتوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ ایک بار پھر، مارکسیوں پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ نظریاتی طور پر "بہت زیادہ" متاثر ہیں۔ [145]
"سبلٹرن مکتب فکر" کی شروعات 1980ء کی دہائی میں رنجیت گوہا اور گیان پرکاش نے کی تھی۔ [146] یہ اشرافیہ اور سیاست دانوں سے ہٹ کر "نیچے سے تاریخ" کی طرف توجہ مرکوز کرتا ہے، کسانوں کی لوک داستانوں، شاعری، پہیلیوں، کہاوتوں، گانوں، زبانی تاریخ اور بشریات سے متاثر طریقوں کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ 1947ء سے پہلے کے نوآبادیاتی دور پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور عام طور پر ذات پات اور طبقے کو کم کرنے پر زور دیتا ہے، تاکہ سبلٹرن مکتب فکر کو ناگواری ہو۔ [147]
ابھی حال ہی میں ہندو قوم پرستوں نے ہندوستانی معاشرے میں ہندوتوا کو اپنے مطالبات کی حمایت کے لیے تاریخ کا ایک نسخہ تیار کیا ہے۔ یہ مکتب فکر ابھی ترقی کے مراحل میں ہے۔ [148] مارچ 2012ء میں ہارورڈ یونیورسٹی میں تقابلی مذہب اور مطالعہ ہند کی پروفیسر، ڈیانا ایل۔ ایک نے اپنی کتاب "ہندوستان: ایک مقدس جغرافیہ" (India: A Sacred Geography) میں لکھاہے کہ "ہندوستان کا تصور انگریزوں یا مغلوں سے بہت پہلے کا ہے۔ یہ صرف علاقائی شناختوں کا ایک جھرمٹ نہیں تھا اور یہ گروہی یا نسلی نہیں تھا۔" [149][150][151][152]
Seamless Wikipedia browsing. On steroids.
Every time you click a link to Wikipedia, Wiktionary or Wikiquote in your browser's search results, it will show the modern Wikiwand interface.
Wikiwand extension is a five stars, simple, with minimum permission required to keep your browsing private, safe and transparent.