عمرو ابن عاص
صحابی رسول اور مدبر عرب / From Wikipedia, the free encyclopedia
حضرت عمرو ابن العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ (45ق.ھ / 43ھ)ایک صحابی رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تھے۔آپ پیدائشی جرنیل تھے۔ جنگی مہارت، حکمتِ عملی، حُسنِ تدبّر، محاذ پر اچانک اور فوری فیصلوں پر قدرت رکھتے تھے۔ دشمن کی نقل و حرکت، اس کی مکّارانہ چالوں اور نفسیاتی حملوں کو خُوب سمجھتے اور موقع محل کے حساب سے اس کا جواب دینے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔ فتحِ مکّہ کے فوری بعد رسول اللہ ﷺ نے مکّہ کے قرب و جوار میں نصب بُتوں کو گرانے کے لیے مختلف صحابہؓ کو منتخب کیا۔ چناں چہ حضرت خالد ؓبن ولید کو’’ عزیٰ‘‘، حضرت سعد بن زیدؓ کو’’منات‘‘ اور حضرت عمروؓ بن العاص کو ’’سواع‘‘ نامی بُت گرانے کی ذمّے داری دی گئی۔ 8ھ میں جنگِ موتہ کے بعد رسول اللہ ﷺ کو اطلاع ملی کہ مدینے سے دس دن کی مسافت پر واقع، وادی القریٰ میں مقیم، قبیلہ قفاء کے مشرکین نے مدینے پر حملے کی تیاری کر لی ہے۔ آنحضرتؐ نے اس مہم کے لیے حضرت عمروؓ بن العاص کو منتخب فرمایا، کیوں کہ اُن کی دادی اسی قبیلے سے تعلق رکھتی تھیں۔ آپؓ تین سو مجاہدین کا لشکر لے کر محاذ پر پہنچے، تو معلوم ہوا کہ مشرکین نے بہت بڑی فوج جمع کی ہوئی ہے۔ آپؓ نے فوری حضور ﷺ کو اطلاع بھجوائی۔ چناں چہ حضرت ابو عبیدہ بن جراحؓ مزید دو سو مجاہدین کی کُمک لے کر پہنچے، جن میں سیّدنا ابوبکرؓ، سیّدنا عُمرؓ سمیت سردارانِ انصار بھی تھے۔ کمک آجانے کے بعد حضرت عمروؓ نے ایک بھرپور حملہ کر کے قفاء کے پورے علاقے کو فتح کر لیا۔ محمد ابنِ اسحاق کا بیان ہے کہ’’ مسلمان، قبیلہ جزام کی سر زمین میں واقع ’’سلسل‘‘ نامی ایک چشمے پر اُترے تھے۔ اسی لیے اس مہم کا نام’’ذات السلال‘‘ پڑ گیا۔‘‘ اس جنگ میں حضرت عمروؓ کی سیاسی بصیرت اور جنگی حکمتِ عملی کے تین اقدامات کو رسول اللہ ﷺ نے بہت سراہا ۔(1) آپؓ راتوں کو سفر کرتے اور دن میں اپنی فوج کو گھاٹیوں میں چُھپا دیا کرتے تاکہ دشمن پر اچانک حملہ آور ہوں۔(2) سخت سردی کے باوجود کسی کو آگ جلانے کی اجازت نہیں دی تاکہ دشمن کو ان کی کم تعداد کا علم نہ ہو سکے۔(3) جنگ جیتنے کے بعد دشمن کے تعاقب سے منع کر دیا تاکہ اَن جان علاقوں میں بھٹک کر مجاہدین کی جانیں تلف نہ ہوں۔عرب کے جنوب میں واقع ریاست، عمّان میں دو مجوسی بھائیوں کی حکومت تھی، جو آگ کی پوجا کیا کرتے تھے۔ فتحِ مکّہ کے بعد رسول اللہ ﷺ نے حضرت عمروؓ کو ایک خط دے کر عمّان روانہ کیا۔ حضرت عمروؓ خط لے کر دربار میں پہنچے اور اُن کے سامنے نہایت بصیرت افروز تقریر کی۔ اپنے مکارمِ اخلاق، حُسنِ تدّبر، سیاسی بصیرت اور جہدِ مسلسل کے نتیجے میں چند ہی دنوں میں نہ صرف دونوں بھائی مسلمان ہو گئے، بلکہ پوری رعایا بھی مشرف بہ اسلام ہو گئی۔ حضور اکرم ﷺ نے مسرّت کا اظہار فرما کر انھیں عمّان کا امیر مقرّر کر دیا۔ نبی کریم ﷺ کے رحلت فرمانے تک آپؓ عمان کے امیر کی حیثیت سے اسے علم کا گہوارا بنانے میں مصروف رہے۔پھر رسول اللہﷺ کی رحلت کے بعد واپس مدینہ آگئے۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ نے خلیفہ بننے کے بعد حضرت عمروؓ کو بنو قضاء کے مرتدین اور منکرینِ زکوٰۃ کی سرکوبی پر مامور فرمایا، تو آپؓ نے اس معرکے میں بھی کام یابی حاصل کی اور مدینہ تشریف لے آئے۔ حضرت ابوبکرؓ نے انھیں دوبارہ عمّان کا حاکم بنا کر واپس بھیج دیا۔ 12 ہجری میں رومی اور ایرانی حکومتوں نے مسلمان علاقوں پر حملوں کا آغاز کیا، تو حضرت ابوبکرؓ نے انھیں عمّان سے واپس بلا کر مجاہدین کے ایک لشکر کا امیر مقرّر کر کے فلسطین روانہ کر دیا۔ جہاں رومیوں کا ایک لشکر اُن کا منتظر تھا،تاہم آپؓ نے صدیقِ اکبرؓ کو خط لکھ کر مزید کمک منگوا لی۔ جلد ہی حضرت ابو عبیدہ بن جراحؓ، حضرت شرجیل ؓ، حضرت یزید بن ابی سفیانؓ اور حضرت خالد بن ولیدؓ کی قیادت میں اسلامی فوجیں اُن سے آملیں۔ حضرت عمروؓ نے گھمسان کی جنگ میں رومیوں کو شکستِ فاش دی۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ کے انتقال کے بعد حضرت عُمرؓ خلیفہ بنے، تو انھیں فوج کا سپہ سالار بنا کر مِصر روانہ کر دیا۔ مِصر دنیا بھر میں رومیوں کی پہچان تھا۔ حضرت عمروؓ نے بہترین حکمتِ عملی اور جنگی بصیرت کی بنا پر بہت جلد پورے مِصر پر قبضہ کر لیا۔ اُنھوں نے ایک نیا شہر بسایا، جس کا نام ’’فسطاط‘‘ رکھا۔ امیر المومنین، سیّدنا عُمر فاروقؓ نے’’ فسطاط‘‘ کو مِصر کا دار الحکومت قرار دے کر حضرت عمروؓ بن عاص کو مِصر کا حاکم مقرّر کر دیا۔حضرت عمروؓ بن عاص ہی کے دَور میں یہاں دریائے نیل کے خشک ہونے کا مشہور واقعہ پیش آیا، جو عمر فاروقؓ کا خط ڈالنے کے بعد دوبارہ بہنا شروع ہوا۔حضرت عمروؓ بن عاص نے اپنے دورِ حکومت میں یہاں بہت سی اصلاحات کیں۔ نئے شہر آباد کیے، نہریں کھدوائیں، زراعت کو وسعت دی، مدارس، مساجد، مسافر خانے، سڑکیں، پارک اور باغات بنوائے، جس کی بنا پر مصر خوش حال ممالک میں سرِ فہرست آگیا۔ مصر کے حاکم کی حیثیت سے حضرت عمروؓ نے شہر فسطاط کے قریب دریائے نیل سے بحیرۂ قلزم تک 69 میل لمبی ایک نہر’’نہرِ امیر المومنین ‘‘ تعمیر کروائی۔ سیّدنا فاروق اعظمؓ کی شہادت کے بعد، حضرت عثمان غنیؓ خلیفہ بنے، تو انھوں نے حضرت عمروؓ بن العاص کو بدستور مِصر کے حاکم کی حیثیت سے برقرار رکھا، بلکہ انھیں دفاع اور خزانے کے محکمے بھی دے دیے۔حضرت عمروؓ بن العاص نے اپنی زندگی کا بڑا حصّہ میدانِ جنگ میں گزارا۔ 34ھ میں حضرت امیر معاویہؓ کے دورِ خلافت میں یمن، عراق، شام، فلسطین اور مِصر کے فاتح اور ملّتِ اسلامیہ کے یہ عظیم جرنیل کہ’’جن کے نام سے لرزتے تھے قیصر و کسریٰ‘‘ اس دارِ فانی سے رخصت ہوئے گئے۔[3][4] [5] [6] [7]
عمرو بن العاص رَضی اللہُ تعالیٰ عنہُ | |||||||
---|---|---|---|---|---|---|---|
عمرو بن العاص بن وائل بن ہاشم | |||||||
معلومات شخصیت | |||||||
مقام پیدائش | مکہ | ||||||
وفات | سنہ 664ء [1][2] مصر | ||||||
مدفن | مصر | ||||||
لقب | أبو عبد اللہ | ||||||
زوجہ | ام کلثوم بنت عقبہ ریطہ بنت منبہ | ||||||
اولاد | عبداللہ | ||||||
بہن/بھائی | |||||||
رشتے دار | والد: عاص بن وائل السہمي والدہ: نابغہ بنت خزيمہ بن حارث بن كلثوم ان کی والدہ سے ان کے بھائی: عروة بن اثاثہ عدوی، عقبہ بن نافع | ||||||
مناصب | |||||||
خلافت راشدہ میں والئ مصر (1 ) | |||||||
برسر عہدہ 640 – 646 | |||||||
| |||||||
عملی زندگی | |||||||
نسب | بنو سہم، قريش | ||||||
اہم واقعات | مصر کی فتح | ||||||
تاریخ قبول اسلام | 8 ھ | ||||||
پیشہ | عسکری قائد ، سفارت کار ، ریاست کار ، تاجر | ||||||
مادری زبان | عربی | ||||||
پیشہ ورانہ زبان | عربی | ||||||
عسکری خدمات | |||||||
وفاداری | خلافت راشدہ ، سلطنت امویہ | ||||||
شاخ | خلافت راشدہ کی فوج | ||||||
لڑائیاں اور جنگیں | غزوۂ بدر ، غزوہ احد ، غزوہ خندق ، جنگ یرموک ، جنگ صفین ، اسلامی فتح مصر ، اسلامی فتح شام ، المغرب کی اسلامی فتح | ||||||
درستی - ترمیم |