وسط ایشیا
From Wikipedia, the free encyclopedia
وسط ایشیا براعظم ایشیا کا ایک وسیع علاقہ ہے جس کی سرحدیں کسی سمندر سے نہیں لگتیں۔ وسط ایشیا کی تین طرح کی تعریفیں کی گئی ہیں، پہلی سوویت روس نے تشکیل دی جبکہ دیگر عام جدید تعریف اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی کی گئی تعریف ہے۔
روسی تعریف کے مطابق اس خطے میں ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان اور کرغزستان شامل ہیں اور قازقستان نہیں جبکہ عمومی جدید تعریف میں قازقستان بھی شامل ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی تعریف کے مطابق اس میں منگولیا، مغربی چین بشمول تبت، جنوب مشرقی ایران، افغانستان، مغربی پاکستان وسط مشرق روس، ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان، کرغزستان، قازقستان کے ساتھ ساتھ شمالی پاکستان اور بھارتی پنجاب بھی شامل ہیں۔
یہ علاقہ تاریخ عالم میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔
براعظم ایشیا کے وسط میں گرم خشک صحراؤں اور بلند پہاڑوں کی سر زمین ہے۔ یہ اس قدیم و اہم تجارتی شاہراہ "شاہراہ ریشم" کے ساتھ واقع ہے جو 15 ویں صدی تک 400 سال سے زائد یورپ اور چین کے درمیان تجارت کا اہم راستہ تھی۔ سوائے افغانستان کے اس خطے کے تمام ممالک 1920ء کی دہائی سے 1991ء تک سوویت یونین کے قبضے میں رہے، جس کے بعد انھوں نے آزادی حاصل کی اور اس کے بعد سے ان ممالک کے لوگ اپنی زبان اور مذہبی اقدار کو منظم کر رہے ہیں جن پر سوویت اقتدار کے دوران قدغن تھی۔