مہندس، شاعر، محقق، مورخ From Wikipedia, the free encyclopedia
ڈاکٹر عقیل عباس جعفری (انگریزی: Aqeel Abbas Jafri)، (پیدائش:10 اگست، 1957ء) پاکستان کے معروف مصنف، انجینئر، صحافی، شاعر، محقق، مورخ، پاکستان کرونیکل کے مصنف ہیں۔ وہ اردو لغت بورڈ میں مدیر اعلیٰ اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے صدر رہ چکے ہیں۔ انھوں نے پاکستان کی اردو فلمی صنعت پر پی ایچ ڈی کی ہے۔ حکومت پاکستان نے 14 اگست 2023ء کو ان کی ادبی خدمات کے صلہ میں تمغائے امتیاز کا اعلان کیا ہے۔[1]
عقیل عباس جعفری | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائش | 10 اگست 1957ء (67 سال) کراچی، پاکستان |
شہریت | پاکستان |
عملی زندگی | |
صنف | شاعری، تحقیق، صحافت، تاریخ |
ادبی تحریک | حلقہ ارباب ذوق |
مادر علمی | داؤد کالج آف انجینیرنگ، کراچی یونیورسٹی |
تعلیمی اسناد | بی آرک ، ایم اے ، پی ایچ ڈی |
پیشہ | صحافی ، شاعر ، مورخ ، معمار |
پیشہ ورانہ زبان | اردو |
کارہائے نمایاں | پاکستان کرونیکل پاکستان کے سیاسی وڈیرے علی سردار جعفری شخصیت و فن |
تحریک | حلقہ ارباب ذوق |
اعزازات | |
باب ادب | |
درستی - ترمیم |
عقیل عباس جعفری 10 اگست 1957ء کو کراچی، پاکستان میں پیدا ہوئے[2]۔ آپ کے والد کا نام وزیرحسن جعفری ہے جو قیام پاکستان کے بعد بلرام پور، اتر پردیش سے ہجرت کرکے کراچی، پاکستان منتقل ہوئے۔ والدہ سیدہ مسعودہ خاتون مذہبی شاعرہ تھیں، عقیل عباس نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ اسکول ناظم آباد اورپھرانٹرمیڈیٹ ڈی جے سائنس کالج سے پاس کیا۔ بیچلرآف آرکیٹیکچر کی ڈگری داؤد کالج آف انجینیرنگ اور ایم اے (صحافت) کی ڈگری جامعہ کراچی سے حاصل کی۔ 2022ء میں وفاقی اردو جامعہ برائے فنون سے پاکستان میں اردو فلمی صنعت کے عنوان پر مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
عقیل عباس جعفری کا نام تحقیق کے شعبے میں نیا نہیں۔ انھوں نے ابتدا معلومات عامہ کے شعبے سے کی اور اس حوالے سے کئی کتابیں تحریر کیں جن میں366 دن، صفر سے 100 تک، جہان معلومات، ہے حقیقت کچھ، ایک سال پچاس سوال، کون بنے گا کروڑ پتی اور قائد اعظم معلومات کے آئینے میں شامل ہیں۔ پاکستان کے سیاسی وڈیرے سیاست کے موضوع پر ان کی پہلی کتاب تھی جس نے شائع ہوتے ہی تہلکہ مچا دیا۔ یہی وہ کتاب تھی جس نے سیاست کی دنیا میں سیاسی وڈیرے کی اصطلاح کو متعارف کروایا۔ پاکستان کے سیاسی وڈیرے کے علاوہ عقیل عباس جعفری نے سیاست ہی کے موضوع پر کئی اور کتابیں بھی لکھیں جن میں پاکستان کی ناکام سازشیں، پاکستان کی انتخابی سیاست اور تاریخ پر قائد اعظم کی ازدواجی زندگی، لیاقت علی خان قتل کیس، پاکستان کا قومی ترانہ: کیا ہے حقیقت، کیا ہے فسانہ؟ اور سوانح و تنقید پر میر باقر علی داستان گو شامل ہیں۔ انھوں نے موسیقی کے موضوع پر لکھے گئے شاہد احمد دہلوی کے نادر و نایاب مضامین کو بھی مضامین موسیقی کے نام سے مدون کیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی کتاب علی سردار جعفری شخصیت و فن اپنے موضوع پر مستند حوالہ مانی جانی ہے۔ ان کی تازہ ترین کتاب 2016ء میں شائع شدہ چراغ روشن ہیں ہے جس میں عصمت چغتائی کے مختلف شاہکار خاکوں کو بہت خوبصورتی سے مرتب و مدون کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں 12 خاکے وہ ہیں جنہیں عصمت چغتائی نے مختلف ادبی شخصیات پر لکھا، ان میں عظیم بیگ چغتائی، سعادت حسن منٹو، سجاد ظہیر، پطرس بخاری، میراجی، کرشن چندر، مجاز لکھنوی، جانثار اختر، خواجہ احمد عباس، مہندر ناتھ اور ثریا شامل ہیں۔ خاکہ نما افسانوں کے عنوان سے مرتب کردہ باب میں مینا کماری، دلیپ کمار، بادشاہی خانم، تمیز الدین، ٹیکو، محبوب اور گم نام شامل ہیں۔ ذاتی خاکوں میں تین تحریریں، ایک مضمون قرۃ العین حیدر کے حوالے سے، ایک خط جوش ملیح آبادی کے نام اور ایک تحریری مکالمے کے عنوان سے مرتب باب میں دو تحریریں شامل اشاعت ہیں، آخری تحریر کوحرف آخر کا نام دیا گیا ہے۔[3] اس کے علاوہ بیسویں صدی سال بہ سال، سوز خوانی کا فن اور کراچی کی عزاداری بھی شائع ہو چکی ہیں۔
عقیل عباس جعفری کا شمار اپنی نسل کے نمائندہ شعرا میں ہوتا ہے۔ ان کی تخلیقات ادب کے معتبر جرائد میں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مشاعروں اور سیمینارز میں شرکت کے لیے امریکا، کینیڈا، برطانیہ، عوامی جمہوریہ چین، بھارت اور متحدہ عرب امارات کے سفر بھی کر چکے ہیں۔ ان کی شاعری کا مجموعہ تعلق کے نام سے رنگِ ادب پبلی کیشنز کراچی کے زیرِ اہتمام شائع ہو چکا ہے۔ آپ کی شاعری پر ریڈیو پاکستان بہترین نعت گو اور بہترین قومی نغمہ نگار کا ایوارڈ دے چکا ہے۔
غزل
زیست کرنا در ادراک سے باہر ہے ابھی | یہ ستارہ مرے افلاک سے باہر ہے ابھی | |
ڈھونڈتے ہیں اسی نشے کو سبھی بادہ گسار | ایک نشہ جو رگ تاک سے باہر ہے ابھی | |
ایک ہی لمحے میں تسخیر کرے گی اسے آنکھ | پر وہ لمحہ مرے افلاک سے باہر ہے ابھی | |
کچھ مرے چاک گریباں کو خبر ہو شاید | ایک گردش جو مرے چاک سے باہر ہے ابھی | |
بس وہی اشک مرا حاصل گریہ ہے عقیلؔ | جو مرے دیدۂ نمناک سے باہر ہے ابھی[4] |
شعر
زندہ رہنا عجب ہنر ہے عقیلؔ | یہ ہنر عمر بھر نہیں آتا |
پاکستان کرونیکل عقیل عباس جعفری کی بیس سالہ محنت کا ثمر ہے۔ یہ کتاب اس طرز پر شائع ہونے والے بین الاقوامی کرونیکلز کے معیارات کو سامنے رکھتے ہوئے تالیف کی گئی ہے اور اس میں پاکستان کی تاریخ کا ایک ایک لمحہ محفوظ کر دیا گیا ہے[2]۔ پاکستان کرونیکل میں قیامِ پاکستان سے لے کر 31 اگست 2011ء تک پاکستان کے تاریخ وار واقعات تحریر و تصویر کی صورت انتہائی خوبصورت اور سلیقے کے ساتھ پیش کیے گئے ہیں۔ اصل میں یہ کتاب ماہانہ ڈائری ہے جس میں سیاسی، صحافتی، ثقافتی، فنون لطیفہ، صنعت و حرفت اور کھیلوں کے علاوہ اہم ترین واقعات پر مشہور زمانہ کتب، رسائل و اخبارات سے اقتباسات بھی ہیں اور نامور پاکستانی شخصیات کی پیدائش و انتقال کے علاوہ مختصر تعارف بھی ہے۔[5]
عقیل عباس جعفری نے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے لاتعداد پروگرامز کے اسکرپٹس بھی تحریر کیے جن میں سات دن، ٹی وی انسائیکلوپیڈیا، ٹیلی شو، ہم مصطفوی، یہ تو مجھے پتا ہے، یونیورسٹی چیلنج، جہاں نما، ایک سال پچاس سوال، سارک کوئز، ملینیم کوئز، یو این کوئز، جو جانے وہ جیتے، ہم کسی سے کم نہیں، بیسویں صدی، سال بہ سال اور رات گئے کے نام سر فہرست ہیں۔ انھوں نے اے آر وائی کے پروگرام کیا آپ بنیں گے کروڑ پتی؟ اور جیو ٹیلی ویژن کے پروگرام یہ گھر آپ کا ہوا کے سوالات بھی مرتب کیے[2]۔
عقیل عباس جعفری نے 2016ء سے 2019ء تک تین سال اردو لغت بورڈ کراچی کے مدیر اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا۔۔[6][7]
” | جعفری صاحب کی علم کے لیے دیوانگی اورلگاؤ دیکھ کر ایسا محسوس ہوتاہے کہ یہ کیفیت کے طور سے خانہ بدوش ہیں۔کہیں یہ تکرار کے شور میں سوالات کی بُنت کرتے ہیں، کبھی سیاست کے ایوانوں کی طرف نکل جاتے ہیں،توکبھی موسیقی کے رچاؤ کو مرتب کرنے میں مشغول ہوتے ہیں اورکبھی تاریخ کا دیوان لکھنے بیٹھ جاتے ہیں، ایک دیوانے کی مانند،جس کو اپنے خمارِ عشق کے سوا کچھ یاد نہیں رہتا۔ پاکستان کرونیکل یا پاکستان کے سیاسی وڈیرے جیسا کام مذاق نہیں ہے،جس کی خاطر ان کی زندگی کے اتنے سارے برس دھول بن کر اُڑ گئے، البتہ یہ ضرور مذاق ہے کہ سرکاری سطح پر کہیں بھی ان کی پذیرائی نہیں ہوئی۔انہوں نے پاکستان کی تاریخ لکھی ہے، تو پاکستانی سرکار کوہی اس پرغور کرناہوگا۔ (مصنف و صحافی خرم سہیل)[8] | “ |
تحقیق اور پاکستانیات کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر پاکستان کوئز سوسائٹی نے انھیں 2004ء میں کوئز ایکسیلینس ایوارڈ، وزڈم پاکستان فورم نے 2010ء میں ہیروزآف پاکستان کمال کارکردگی ایوارڈ اور سینٹر آف سوک ایجوکیشن پاکستان نے 2010ء کا سوک ایجوکیشن ایوارڈ عطا کیا۔ اس کے علاوہ 2000ء میں ریڈیو پاکستان کا بہترین نعت گو اور بہترین قومی نغمہ نگار کا ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں[2]۔ 2011ء میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے آپ کو بہترین فیچر نگار کا ایوارڈ عطا کیا۔ حکومت پاکستان نے 14 اگست 2023ء کو ان کی ادبی خدمات کے صلہ میں تمغائے امتیاز کا اعلان کیا ہے۔
Seamless Wikipedia browsing. On steroids.
Every time you click a link to Wikipedia, Wiktionary or Wikiquote in your browser's search results, it will show the modern Wikiwand interface.
Wikiwand extension is a five stars, simple, with minimum permission required to keep your browsing private, safe and transparent.