From Wikipedia, the free encyclopedia
جریر بن عبد اللہ بجلی | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
وفات | سنہ 671ء [1] قرقیسیا |
عسکری خدمات | |
لڑائیاں اور جنگیں | قادسیہ کی لڑائی |
درستی - ترمیم |
جریر نام، ابو عمر کنیت،نسب نامہ یہ ہے، جریر بن عبد اللہ بن جابر بن مالک بن نضر بن ثعلبہ بن جشم بن عوف بن خزیمہ بن حرب بن علی بن مالک بن سعد بن نذریر قسر بن عبقر بن انمار بن اراش بن عمرو بن غوث بجلی، جریر یمن کے شاہی خاندان کے رکن اور قبیلہ بجیلہ کے سردار تھے۔
بعض روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ جریر وفاتِ نبوی کے کل چالیس روز پیشتر مشرف باسلام ہوئے ،لیکن یہ صحیح نہیں ہے، بروایت صحیح وہ حجۃ الوداع میں آنحضرتﷺ کے ہمرکاب تھے، اس لیے وفات سے کم از کم چار پانچ ماہ پیشتر ان کا اسلام ماننا پڑے گا اور واقدی کے بیان کے مطابق رمضان میں اسلام لائے اس روایت کی رو سے آنحضرتﷺ کی وفات کے ساتھ مہینہ پیشتر ان کا اسلام لانا ثابت ہوتا ہے، بہر حال اس قدر یقینی ہے کہ وہ وفات نبوی سے کئی مہینہ پیشتر اسلام لاچکے تھے۔ جب یہ قبول اسلام کے لیے آنحضرتﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے، تو آپ نے پوچھا کیسے آنا ہوا،عرض کیا، اسلام قبول کرنے کے لیے، آپ نے ان کے بیٹھنے کے لیے اپنی چادر بچھا دی اورمسلمانوں سے فرمایا جب تمھارے پاس کسی قوم کا معزز آدمی آئے تو اس کی عزت کیا کرو، اس کے بعد جریر نے اسلام کے لیے ہاتھ بڑھایا اورکہا میں اسلام پر بیعت کرتا ہوں، آنحضرتﷺ نے ان کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا ہر مسلمان کی خیر خواہی کرنا، پھر فرمایا جو شخص انسان پررحم نہیں کرتا اس پر خدا رحم نہیں کرتا، اوربلا شکرت غیر خدائے واحد کی پرستش ،فرض نماوکی پابندی ،مفروضہ زکوۃ ادائیگی مسلمانوں کی نعمت اور کافروں سے برأت پر بیعت لی۔
قبول اسلام کے بعد سب سے اول آنحضرتﷺ کے ساتھ حجۃ الوداع میں شریک ہوئے،اس میں مجمع کو خاموش کرنے کی خدمت ان کے سپرد تھی۔
فتح مکہ کے بعد قریب قریب عرب کے تمام قبیلے اسلام کے حلقۂ اثر میں آگئے تھے لیکن بعضوں میں صدیوں کے اعتقاد کی وجہ سے تو ہم پرستی باقی تھی، اورصنم کدوں کو ہاتھ لگاتے ہوئے ڈرتے تھے، اس وہم کو دور کرنے کے لیے آنحضرتﷺ نے کئی صنم کدے گرادیئے ،یمن کے صنم کدہ ذوالخلصہ کو جو کعبہ یمانی کے نام سے مشہور تھا ڈھانے کی خدمت جریرؓ کے سپردفرمائی،ایک دن آپ نے جریر سے فرمایا کیا تم ذوالخلصہ کو ڈھا کر مجھے مطمئن نہ کرو گے؟ عرض کیا بسر وشم حاضر ہوں؛ لیکن گھوڑے کی پیٹھ پر جم کے نہیں بیٹھ سکتا،یہ عذر سن کر آپ نے ان کے سینہ پر ہاتھ مارا اور دعا دی کہ خدایا ان کو گھوڑے کی پیٹھ پر جمادے اورہادی ومہدی بنا، جریرؓ رسول اللہ ﷺ کی ان دعاؤں کو لے کر 150 سواروں کے دستہ کے ساتھ یمن پہنچے اور ذوالخلصہ کے صنم کدہ کو جلا کر خاکستر کر دیا اور ابو ارطاۃ کو اطلاع کے لیے مدینہ بھیجا انھوں نے آکر آنحضرتﷺ کو مژدہ سنایا کہ یا رسول اللہ ﷺ ہم نے ذوالخلصہ کو جلا کر خارشتی اونٹ بنادیا یہ خبر سن کر آپ نے اس سریہ کے سوار اورپیدل کے لیے برکت کی دعا فرمائی۔ [2] ابھی جریر یمن ہی میں تھے کہ آنحضرتﷺ کا وصال ہو گیا،لیکن انھیں اس کی خبر نہ ہوئی ایک دن یہ یمن کے دو آدمیوں ذوکلاع اورذو عمر کو حدیث نبویﷺ سنا رہے تھے کہ انھوں نے کہا تم اپنے جس ساتھی کا حال سنا رہے ہو، وہ تین دن ہوئے ختم ہو گیا، یہ وحشتناک خبر سن کر جریر روانہ ہو گئے ،راستہ میں مدینہ کے سوار ملے، ان سے معلوم ہوا کہ آنحضرتﷺ کا وصال ہو گیا اورابو بکرصدیقؓ خلیفہ ہوئے۔
عہد صدیقی میں غالباً انھوں نے خاموشی کی زندگی بسر کی ،حضرت عمرؓ کے زمانہ میں عراق کی فوج کشی میں شریک ہوئے،عراق پر عہد صدیقی ہی میں فوج کشی ہو چکی تھی اس سلسلہ کی مشہور جنگ واقعہ جسر میں جو حضرت عمرؓ کے زمانہ میں ہوئی ،مسلمانوں کو نہایت سخت شکست ہوئی اور بہت سے مسلمان شہید ہوئے،اس لیے حضرت عمرؓ نے عراقی افواج کی امداد کے لیے تمام قبائل عرب کو جمع کیا اور ہر قبیلہ کے سردار کو اس کے قبیلہ کا افسر بناکر عراق روانہ کیا، جریر کو بجیلہ کی سرداری ملی؛چنانچہ یہ اپنے قبیلہ کے ساتھ عراق پہنچے اورمقام ثعلبہ میں مثنیٰ بن حارثہ سے جو ایرانیوں کے مقابلہ میں تھے ملے، مقام حیرہ میں مسلمانوں اور ایرانیوں کا مقابلہ ہوا، اس مقابلہ میں جریر میمنہ کے افسر تھے ،میمنہ میسرہ اورقلب کو لے کر ایرانیوں پر حملہ کیا، ایرانیوں نے بھی برابر کا جواب دیا اورمسلمان پھٹ کر الگ ہو گئے، مثنیٰ نے للکارا، ان کی للکار پر وہ پھر سنبھل کر حملہ آور ہوئے، اس حملہ میں عرب کے مشہور بہادر مسعود بن حارثہ مارے گئے ،مثنیٰ نے پھر جوش دلایا کہ شرفایوں ہی جان دیتے ہیں، جریرؓ نے بھی اپنے قبیلہ کو للکارا کہ برادرانِ بجیلہ! تم کو دشمنوں پر سب سے پہلے حملہ آور ہونا چاہیے اگر خدا نے کامیاب کیا تو تم اس زمین کے سب سے زیادہ حق دار ہوگے، ان دونوں کی للکار پر مسلمانوں نے تیسرا حملہ کیا اس حملہ میں ایرانی افسر مہران مارا گیا اورایرانیوں نے میدان خالی کر دیا۔
اس سلسلہ کی مشہور جنگ یرموک میں جریر نے بڑے کارنامے دکھائے،اس جنگ کے آغاز ہی میں مسلمانوں کے دو افسر مارے گئے، یہ صورت دیکھ کر جریر نے اپنے قبیلہ بجیلہ کو لے کر حملہ کیا، ان کے ساتھ قبیلہ ازدنے بھی حملہ کر دیا، بڑی گھمسان کی لڑائی ہوئی عجمی پیچھے ہٹتے ہٹتے رستم کے پاس پہنچ گئے اور رستم سواری سے اتر پڑا، اورپیدل بڑھ کر بڑا پر زور حملہ کیا ،اس کے ساتھ اورافسرانِ فوج بھی آگے بڑھے اور مسلمانوں کے پاؤں اکھڑ گئے، اس موقع پر مشہو بہادر ابو محجن ثقفی نے بڑی بہادری دکھائی ،جریر نے مسلمانوں کی پسپائی دیکھی تو دوسرے افسروں سے کہلا بھیجا کہ میمنہ کی جانب سے ایرانیوں کے قلب پر متفقہ حملہ کرنا چاہیے ،ان کے مشورہ پر مسلمانوں نے ہر طرف سے سمٹ کر اس زور کا حملہ کیا کہ ایرانیوں کی صفیں درہم برہم ہوگئیں اور وہ نہایت بے ترتیبی کے ساتھ پیچھے ہٹے اس پسائی میں رستم مارا گیا اور ایرانی دیر کعب تک پچھڑتے چلے گئے، اس درمیان میں ان کا امدادی دستہ پہنچ گیا اور وہ از سر نو منظم ہوکر صف آرا ہو گئے اور نخارستان مسلمانوں کے مقابلہ میں آیا، حضرت زبیرؓ نے اس کا کام تمام کر دیا، دوسری طرف قیس بن ہبیرہ نے ایک دوسرے افسر کو مارا، اورمسلمان ہر چہار جانب سے ایرانیوں پر ٹوٹ پڑے،ان کے افسر مارے جاچکے تھے، اس لیے وہ زیادہ دیر تک میدان میں نہ ٹھہرسکے اور پسپا ہوکر پیچھے ہٹنے لگے، جریر تعاقب کرتے ہوئے بہت آگے نکل گئے ،ایرانیوں نے تنہا پاکر گھوڑے سے نیچے گرادیا اس درمیان میں ان کے ساتھی پہنچ گئے، اس لیے ایرانی چھوڑ کر بھاگ گئے۔ [3] یرموک کے بعد کسریٰ کا پایہ تخت مدائن فتح ہوا اس کے بعد عمرو بن مالک نے جلولا کی مہم سر کی اورجریر کو چار ہزار مسلح فوج کے ساتھ جلولاء کی حفاظت پر متعین کرکے اپنے مستقر پر چلے گئے۔ جلولا کے پاس ہی حلوان ایرانیوں کا ایک بڑا مرکز تھا،حضرت سعد بن ابی ؓ وقاص نے جریر کے پاس 3 ہزار فوج بھیجی کہ وہ حلوان پر حملہ کرکے اس خطرہ کو دور کریں ؛چنانچہ وہ چار ہزار پہلی اور 3 ہزار یہ جدید فوج لے کر حلوان پہنچے اور بلا کسی خون ریزی کے اس پر قبضہ کر لیا۔ [4] تستر کی شکست کے بعد یزدگردشاہِ ایران نے اپنے ملک کے مشہور بہادر مروان شاہ کو ایک لشکرِ جرار کے ساتھ مسلمانوں کے مقابلہ پر مامور کیا،عمار ؓبن یاسر نے حضرت عمرؓ کو اس اہتمام کی اطلاع دی، پہلے آپ نے خود اس جنگ میں شرکت کا ارادہ کیا، پھر حضرت علیؓ کی رائے سے رک گئے اور تمام فوجی چھاؤنیوں میں احکام بھیجے کہ ہر جگہ کی فوجیں میدان میں پہنچ جائیں اورنعمان بن مقرن کو ان کا سپہ سالار بنا کر بھیجا یہ مقابلہ نہایت سخت تھا، اس لیے حضرت عمرؓ نے نعمان بن مقرن کے علاوہ اور چار آدمیوں کو بھی سپہ سالاری کے لیے نامزد کر دیا تھا،ان میں ایک جریرؓ بھی تھے، مسلمانوں اور ایرانیوں کا یہ معرکہ تاریخی شمار کیا جاتا ہے، اس میں حضرت نعمان ؓ نے شہادت پائی، مگر کامیابی مسلمانوں کو ہوئی(فتوح [5] ان لڑائیوں کے علاوہ جریرؓ اس سلسلہ کی اور لڑائیوں میں بھی شریک تھے۔ حضرت عثمانؓ کے عہد میں ہمدان کے گورنر تھے، ان کی شہادت کے بعد حضرت علیؓ کی بیعت کرلی اوراپنے رقبہ حکومت میں ان کی بیعت لے کر ان کے پاس کوفہ چلے آئے ،جنگ جمل کے بعد جب حضرت علیؓ نے امیر معاویہؓ کو اپنی بیعت کے لیے خط لکھا تو اس کو معاویہؓ کے پاس جریر ہی لے کر گئے تھے، اس کو پیش کرکے زبانی اپنی طرف سے یہ کہا کہ حجاز،یمن، بحرین،عمان، مصرفارس ،خراسان اور علاقہ جبل وغیرہ سارے ملکوں نے امیر المومنین کو خلیفہ تسلیم کر لیا ہے،صرف شام باقی رہ گیا ہے،اس لیے اس کو بھی ان کے حلقہ اطاعت میں آجانا چاہیے ورنہ اگر ان ملکوں میں سے ایک ملک بھی شام پر بہادیا جائے گا تو اس کو غرق کرنے کے لیے کافی ہے۔ [6] حضرت علیؓ کے خط پر امیر معاویہؓ نے اپنے مشیروں سے رائے لی، سب نے خلاف مشورہ دیا ،اس لیے انھوں نے صاف جواب دیدیا کہ اہل شام بیعت نہیں کرسکتے،جریرؓ نے واپس جاکر یہ جواب حضرت علیؓ کو سنادیا اور امیر معاویہ کی قوت اوران کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا، ان کی زبان سے یہ باتیں سن کر شیعیان علیؓ جریر پر طرح طرح کی تہمتیں رکھنے لگے، اشتر بہت برہم ہوئے اورحضرت علی سے کہا امیر المومنین اگرجریرؓ کی بجائے آپ مجھے بھیجے ہوتے تو معاویہ کے گلے کی گرفت نہ ڈھیلی ہونے دیتا اور کوئی راستہ ایسا باقی نہ چھوڑتا جسے کھول کر وہ کامیاب ہوسکیں اور قبل اس کے کہ وہ کوئی کارروائی کریں، ان سے بیعت لے لیتا، یہ باتیں سن کر جریرؓ نے کہا اگر پہلے نہیں جاسکے تو اب جاکر کرلو، اشتر نے کہا اب جاکر میں کیا کرسکتا ہوں، جبکہ تم نے معاملہ بگاڑدیا، تم نے قطعا ان سے کوئی عہد وپیمان کر لیا ہے ورنہ ان کی کوششوں اور فوج کی کثرت سے ہم لوگوں کو نہ ڈراتے،اگر مجھکو امیر المومنین اجازت مرحمت فرمائیں تو تم کو اور تمھارے جیسے لوگوں کو معاملات کے فیصلہ تک قید کردوں،جریرؓ کو یہ انداز گفتگو اورنارواغصہ بہت ناگوار ہوا اور راتوں رات اپنے اہل و عیال کو لے کر کوفہ چلے گئے اور قرقییا میں اقامت اختیار کرلی اورجنگ صفین میں کوئی حصہ نہ لیا [7]اوربقیہ زندگی قرقییا کے گوشۂ عافیت میں بسر کی۔
54ھ میں قرقییا میں وفات پائی۔ [8]
قددراز چھ فٹ تھا اوراس قدر حسین وجمیل تھے کہ حضرت عمرؓ ان کو امتِ اسلامیہ کا یوسف کہا کرتے تھے،ہاتھوں میں مہندی کا خضاب لگاتے تھے۔
وفات کے بعد پانچ لڑکے عمر،منذر،عبیداللہ،ایوب اورابراہیم یادگار چھوڑے۔ [9]
گوجریر آخری زمانہ میں مشرف با سلام ہوئے اورفیضانِ نبوی سے استفادہ کا کم موقع ملا، تاہم جو لمحات بھی میسر آئے،ان سے پورا فائدہ اٹھایا، اس لیے اس کمی صحبت کے باوجود ان سے سو حدیثیں مروی ہیں،ان میں سے آٹھ متفق علیہ ہیں اورایک میں امام بخاری اور سات میں امام مسلم منفرد ہیں [10] ان سے روایت کرنے والوں کا دائرہ بھی خاصہ وسیع ہے؛چنانچہ ان کے لڑکوں میں منذر،عبید اللہ،ایوب ،ابراہیم اورلڑکوں کے علاوہ ابو ذرعہ بن عمر، انس، ابو وائل، زید بن وہب، زیاد بن علاقہ شبعی، قیس بن ابی حازم، حمام بن حارث، اورابو ظبیان حصین بن جندب نے ان سے روایتیں کیں ہیں۔ [11]
بارگاہِ نبوی میں جریرؓ کی بڑی پزیرائی تھی، رسول اللہ ﷺ انھیں بہت مانتے تھے اور بڑے احترام سے ان کے ساتھ پیش آتے تھے ان کے بیٹھنے کے لیے ردائے مبارک بچھا دیتے تھے [12] جب بھی دردولت پر حاضر ہوتے،کبھی شرفِ بار یابی سے محروم نہ رہتے ،جب آپ انھیں دیکھتے تھے تو مسکرادیتے تھے [13]غائبانہ ان کا ذکر خیر فرماتے تھے ان کا بیان ہے کہ جب میں مدینہ پہنچا تو مدینہ کے باہر سواری بٹھا کر کپڑا رکھنے کا تھیلا کھولا اورحلہ پہن کر داخل ہوا ، اس وقت رسول اللہ ﷺ خطبہ دے رہے تھے میں نے سلام کیا لوگوں نے آنکھوں سے میری طرف اشارہ کیا، میں نے اپنے پاس کے آدمی سے پوچھا، عبد اللہ کیا رسول اللہ ﷺ میرا تذکرہ فرماتے تھے، انھوں نے کہا ہاں، ابھی ابھی نہایت اچھے الفاظ میں تمھارا تذکرہ فرمایا، آپ خطبہ دے رہے تھے،دوران خطبہ میں فرمایا کہ اس دروازہ یا اس کھڑکی سے تمھارے پاس یمن کا بہترین شخص داخل ہوگا، اس کے چہرہ پر بادشاہی کی علامت ہوگی، میں نے اس عزت افزائی پر خدا کا شکر ادا کیا۔ جریر کی خوبیوں اوررسول اللہ ﷺ کے اُن کی توقیر کرنے کی وجہ سے خلفاء بھی ان کی بڑی عزت کرتے تھے؛چنانچہ حضرت عمرؓ فرماتے تھے کہ خدا تم پر رحمت نازل فرمائے،تم جاہلیت میں بھی اچھے سردار تھے اوراسلام میں بھی اچھے سردار ہو۔ [14]
آنحضرتﷺ کا ہر ارشاد ہمیشہ زندگی کا دستور العمل رہا، ایک مرتبہ چند اعراب نے آکر رسول اللہ ﷺ سے شکایت کی کہ یا نبی اللہ آپ کے بعض صدقہ وصول کرنے والے ہم پر ظلم کرتے ہیں، فرمایا ان کو راضی رکھو، اعراب نے کہا اگر وہ ظلم کریں تب بھی آپ نے فرمایا اپنے صدقہ وصول کرنے والوں کو راضی رکھو، اس ارشاد کے بعد سے کسی صدقہ وصول کرنے والے کو جریرؓ نے ناخوش نہیں کیا۔ [15]
Seamless Wikipedia browsing. On steroids.
Every time you click a link to Wikipedia, Wiktionary or Wikiquote in your browser's search results, it will show the modern Wikiwand interface.
Wikiwand extension is a five stars, simple, with minimum permission required to keep your browsing private, safe and transparent.