ہندوستانی محقق مورخ شاعر نقاد From Wikipedia, the free encyclopedia
علامہ شبلی نعمانی کی پیدائش اعظم گڑھ ضلع کے ایک گاؤں بندول جیراج پور میں4 /جون 1857ء کو ہوئی تھی- ابتدائی تعلیم گھر ہی پر مولوی فاروق چریاکوٹی سے حاصل کی- 1876ء میں حج کے لیے تشریف لے گئے۔ وکالت کا امتحان بھی پاس کیا اور وکالت بھی کی مگر اس پیشہ سے دلچسپی نہ ہونے کے سبب ترک کر دی۔ علی گڑھ گئے تو سرسید احمد خان سے ملاقات ہوئی، چنانچہ فارسی کے پروفیسر مقرر ہوئے۔ یہیں سے شبلی نے علمی و تحقیقی زندگی کا آغاز کیا۔ پروفیسر آرنلڈ سے فرانسیسی سیکھی۔ 1892ء میں روم اور شام کا سفر کیا۔ 1898ء میں ملازمت ترک کرکے اعظم گڑھ آ گئے۔ 1913ء میں دار المصنفین کی بنیاد ڈالی۔ 1914ء میں انتقال ہوا۔[4]
شبلی نعمانی | |
---|---|
(عربی میں: شبلي النعماني) | |
معلومات شخصیت | |
پیدائش | 3 جون 1857ء [1] اعظم گڑھ |
تاریخ وفات | 18 نومبر 1914ء (57 سال)[1] |
رہائش | اعظم گڑھ لکھنؤ |
شہریت | برطانوی ہند |
عملی زندگی | |
مادر علمی | علی گڑھ مسلم یونیورسٹی |
استاذ | احمد علی سہارن پوری |
پیشہ | فلسفی ، مصنف [2][3] |
مؤثر | سر سید احمد خان |
درستی - ترمیم |
شبلی نعمانی کی پیدائش ایک مسلمان راجپوت گھرانے میں ہوئی۔ ان کے دادا شیوراج سنگھ جو بیس النسل تھے، نے کئی دہائیوں قبل حبیب اللہ اور مقیمہ خاتون کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔ ان کا نام ایک صوفی بزرگ، ابو بکر شبلی کے نام پر "شبلی" رکھا گیا، جو [[جنید بغدادی] کے شاگرد تھے۔ بعد میں انھوں نے اپنے نام میں "نعمانی" کا اضافہ کر لیا۔
اگرچہ ان کے چھوٹے بھائی تعلیم کے لیے لندن، انگلینڈ گئے (اور بعد میں واپس آئے، وہ ایک بیرسٹر کی حیثیت سے الہ آباد ہائی کورٹ میں ملازم تھے)، لیکن شبلی نعمانی نے روایتی اسلامی تعلیم حاصل کی۔ ان کے استاد کا نام مولانا فاروق چڑیا کوٹی تھا، جو ایک منطقی عالم اور سر سید احمد خان کے خلاف کھل کر کلام کرنے والے مخالفین میں شامل تھے۔ اس سے ان کا علی گڑھ اور سر سید کے ساتھ تعلق کی وجہ معلوم ہوتی ہے۔ چڑیا کوٹ سے تعلق خاص اہمیت رکھتا ہے، ڈیویڈ لیلی ویلڈ کہتا ہے کہ "چڑیا کوٹ علما کی ایک منفرد عقلیت پسند اور فلسفی مکاتب کا مرکز تھا، جس نے معتزلہ الہیات، شروعاتی عرب یونانی سائنس اور فلسفے کی ترقی کے ساتھ ساتھ سنسکرت اور عبرانی جیسی زبانوں کا علم حاصل کیا۔"
اس لیے نعمانی کے پاس علی گڑھ کی طرف متوجہ اور دور ہونے کی وجوہات تھیں۔ حتی کہ علی گڑھ میں فارسی اور عربی کے استاد کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد بھی، انھوں نے کالج میں فکری ماحول کو ہمیشہ مایوس کن پایا اور آخر کار علی گڑھ چھوڑ دیا کیوں کہ انھیں یہ غیر سازگار معلوم ہوا، حالانکہ انھوں نے 1898ء میں سر سید کی وفات کے بعد تک رسمی طور پر کالج سے استعفا نہیں دیا تھا۔
شبلی نعمانی نے علی گڑھ میں سولہ سال تک فارسی اور عربی زبان کی تدریس کی، جہاں ان کی ملاقات تھامس آرنلڈ اور دیگر برطانوی اسکالرز سے ہوئی جن سے انھوں نے جدید مغربی نظریات اور افکار سمجھنے کا آغاز کیا۔ انھوں نے 1892ء میں تھامس آرنلڈ کے ساتھ سلطنت عثمانیہ بشمول شام، ترکی اور مصر اور مشرق وسطیٰ کے دیگر مقامات کا سفر کیا اور وہاں کے معاشروں کا براہ راست اور عملی تجربہ حاصل کیا۔ قسطنطنیہ میں انھوں نے سلطان عبد الحمید ثانی سے تمغا حاصل کیا۔ ان کی علمی و ادبی قابلیت نے ایک طرف تھامس آرنلڈ کو ان سے متاثر کیا، تو دوسری طرف وہ خود تھامس آرنلڈ سے کافی حد تک متاثر ہوئے اور اس سے ان کے خیالات میں جدید نظریات شامل ہوتے ہیں۔ قاہرہ میں ان کی ملاقات معروف اسلامی اسکالر محمد عبدہ (1849-1905) سے ہوئی۔
1898ء میں سر سید احمد خان کی وفات کے بعد، انھوں نے علی گڑھ یونیورسٹی کو باضابطہ چھوڑ کر ریاست حیدر آباد کے محکمہ تعلیم میں مشیر بن گئے۔ انھوں نے حیدرآباد کے تعلیمی نظام میں بہت سی اصلاحات کا آغاز کیا۔ ان کی پالیسی سے حیدرآباد کی عثمانیہ یونیورسٹی نے اردو کو ذریعہ تعلیم کے طور پر اپنایا۔ اس سے پہلے ہندوستان کی کسی اور یونیورسٹی نے اعلیٰ تعلیم میں کسی مقامی زبان کو ذریعہ تعلیم کے طور پر اختیار نہیں کیا تھا۔
شبلی نعمانی کا مزاج تعلیمی اصلاحات و انقلاب کا تھا، چنانچہ اس عہد کی اصلاح تعلیم کے لیے اٹھنے والی سب سے مؤثر تحریک ندوۃ العلما سے اول دن سے منسلک اور متحرک، یہاں تک کہ ان کے بنیادی فکری بانیان میں سے ہوئے۔ 1905ء میں، وہ حیدرآباد چھوڑ کر دار العلوم ندوۃ العلما منتقل ہو گئے، وہاں انھوں نے تدریس و تعلیم اور نصاب میں اصلاحات کا آغاز کیا۔ وہ پانچ سال تک اس میں رہے، لیکن علما کا روایتی طبقہ ان کی اصلاحات و انقلاب کی وجہ سے ان کے خلاف ہو گیا، بالآخر انھیں 1913ء لکھنؤ چھوڑنا پڑا اور اپنے آبائی وطن اعظم گڑھ چلے گئے۔
علامہ شبلی نعمانی، یورپ کے طرز پر اردو زبان میں ایک تحقیقی اکیڈمی قائم کرنا چاہتے تھے، جہاں سے محقق علما مصنفین کو تیار کیا جائے اور وہاں سے اسلام اور مسلمانوں پر تحقیقی کام ہو۔ پہلے پہل علامہ شبلی وہ دار المصنفین کو ندوہ کے احاطہ میں قائم کرنا چاہتے تھے لیکن وہ اس وقت ایسا نہ کر سکے اور انھیں دار العلوم چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ چنانچہ انھوں نے اس کے لیے اپنا بنگلہ اور آم کے باغ کو وقف کر دیا اور اپنے خاندان کے افراد اور رشتہ داروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دی اور انھیں راضی کر لیا۔ انھوں نے اپنے شاگردوں اور دیگر نامور افراد کو خطوط لکھا اور ان سے تعاون طلب کیا۔ بالآخر ان کے شاگردوں نے خاص طور سے سید سلیمان ندوی نے اپنے استاذ کا یہ خواب پورا کیا اور اعظم گڑھ میں دار المصنفین قائم کیا۔ ادارے کا پہلا افتتاحی اجلاس علامہ کی وفات کے تین دن کے اندر 21 نومبر 1914ء کو ہوا۔
شبلی کا شمار اردو تنقید کے بنیاد گزاروں میں ہوتا ہے۔ ان کی شخصیت اردو دنیا میں بطورشاعر، مورخ، سوانح نگار اورسیرت نگار کی حیثیت سے بھی مسلم ہے۔ شبلی کے تنقیدی نظریات و افکار مختلف مقالات اور تصانیف میں بکھرے ہوئے ہیں لیکن یہ بات وثوق سے کہی جا سکتی ہے کہ ان کو شاعری اور شاعری کی تنقید سے خاص انسیت تھی۔ انھوں نے نہ صرف یہ کہ شاعری اور اس کے دیگر لوازمات سے متعلق اپنے نظریات کو مفصل طور سے "شعرالعجم" میں پیش کیا بلکہ عملی تنقید کے نمونے "موازنۂ انیس و دبیر" میں پیش کیے۔ یہاں شبلی کی جانب داری یا غیر جانب داری سے مجھے سروکار نہیں بلکہ اصول و نظریے سے بحث درکار ہے۔ "موازنے" میں مرثیہ نگاری کے فن پر اصولی بحث کے علاوہ فصاحت، بلاغت، تشبیہ و استعارے اور دیگر صنعتوں کی تعریف و توضیح اور اس کے مختلف پہلوؤں پر بھی شبلی نے روشنی ڈالی ہے، جس سے ہمیں ان کے تنقیدی شعور کا اندازہ ہوتا ہے۔ شبلی کے نظریۂ تنقید کو سمجھنے کے لیے ان کی مذکورہ دونوں کتابیں بنیادی اہمیت کی حامل ہیں یعنی "شعرالعجم" اور موازنۂ انیس و دبیر۔ انھوں نے "شعرالعجم" کی چوتھی اور پانچویں جلدمیں شاعری، شعر کی حقیقت اور ماہیت، لفظ و معنیٰ اور لفظوں کی نوعیتوں پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ اس لحاظ سے ان کی یہ تصنیف خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہے ،کیوں کہ انھیں میں انھوں نے اردو کی جملہ کلاسیکی اصناف شاعری کا محاکمہ کیا ہے۔ اردو کی شعری تنقید کو سمجھنے کے لیے ہم اردو والوں کے لیے یہ کتابیں نوادر کی حیثیت رکھتی ہیں۔ کیوں کہ انھیں دونوں میں مندرجہ بالا تمام امور کی صراحت و وضاحت انھوں نے پیش کی ہے۔
"شعرالعجم" کی چوتھی جلد کی ابتدا ہی میں فرماتے ہیں کہ" جو بحثیں اگلے حصوں میں نا تمام رہ گئی تھیں، ان کو اب تفصیل سے لکھتا ہوں۔ یہ حصہ تین فصلوں پر منقسم ہے:1۔ شاعری کی حقیقت اور ماہیت، 2۔ فارسی شاعری کی عام تاریخ اور تمدن اور دیگر اسباب کا اثر اور 3۔ تقریظ و تنقید۔ دراصل شعرالعجم شبلی کی وہ کتاب ہے،جس میں انھوں نے اپنے خیالات بالخصوص فنِ شاعری کے بارے میں اپنے مطالعے، مشاہدے اور تجربے کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا ہے۔ شاعری کے اصلی عناصر، تاریخ اور شعر کا فرق، شاعری اور واقعہ نگاری کا فرق جیسے مسائل پر مدلل بحث کی ہے تاکہ شاعری کے جملہ معاملات واضح ہو جائیں۔ اس کے لیے وہ لفظ اور معنیٰ کی بھی بحث کرتے ہیں اور ان کی مختلف نوعیتوں کو پیش بھی کرتے ہیں۔
وہ شاعری کو ذوقی اور وجدانی شے کہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ شاعری کی جامع تعریف پیش کرنا آسان نہیں بلکہ مختلف ذریعوں سے اور مختلف انداز میں اس حقیقت کا ادراک ہو سکتا ہے۔ وہ کہتے ہیں: " شاعری چونکہ وجدانی اور ذوقی چیز ہے، اس لیے اس کی جامع و مانع تعریف چند الفاظ میں نہیں کی جا سکتی اِس بنا پر مختلف طریقوں سے اس کی حقیقت کا سمجھانا زیادہ مفید ہوگا کہ ان سب کے مجموعہ سے شاعری کا ایک صحیح نقشہ پیش نظر ہو جائے۔"[5]
شبلی نے مختلف مثالوں سے شاعری کی اہمیت کو واضح کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کے نزدیک شاعری کا منبع ادراک نہیں بلکہ احساس ہے۔ اس کے بعد وہ ادراک اور احساس کی وضاحت کرتے ہوئے تحریر کرتے ہیں کہ:
خدا نے انسان کو مختلف اعضا اور مختلف قوتیں دی ہیں۔ ان میں سے دو قوتیں تمام افعال اور ارادات کا سر چشمہ ہیں، ادراک اور احساس، ادراک کا کام اشیا کا معلوم کرنا اور استدلال اور استنباط سے کام لینا ہے۔ ہر قسم کی ایجادات، تحقیقات، انکشافات اور تمام علوم و فنون اسی کے نتائج عمل ہیں۔ احساس کا کام کسی چیز کا ادراک کرنا یا کسی مسئلے کا حل کرنا یا کسی بات پر غور کرنا اور سوچنا نہیں ہے۔ اس کا کام صرف یہ ہے کہ جب کوئی موثر واقعہ پیش آتا ہے تو وہ متاثر ہو جاتا ہے، غم کی حالت میں صدمہ ہوتا ہے، خوشی کی حالت میں سرور ہوتا ہے، حیرت انگیز بات پر تعجب ہوتا ہے، یہی قوت جس کو انفعال یا فیلنگ سے تعبیر کر سکتے ہیں شاعری کا دوسرا نام ہے، یعنی یہی احساس جب الفاظ کا جامہ پہن لیتا ہے تو شعر بن جاتا ہے۔"[6]
شبلی کے شاعری سے متعلق یہ بنیادی خیالات ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ انسان متاثر ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مختلف واقعات اس پر اثر کرتے ہیں اور اس طرح اس پر مختلف کیفیات طاری ہوتی ہیں۔ ان کے نزدیک یہ کم و بیش ایک ایسی کیفیت ہے جو شیر کو گرجنے، مور کو چنگھاڑنے، کوئل کو کوکنے، مور کو ناچنے اور سانپ کو لہرانے پر مجبور کرتی ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ شاعری میں جذبات کی اہمیت کے قائل ہیں۔ جذبات کے بغیر شاعری کا وجود نہیں ہوتا اور وہ جذبات سے پیدا ہوتی ہے۔ اس کا مطلب ہیجان اور ہنگامہ برپا کرنا نہیں بلکہ جذبات میں زندگی اور جولانی پیدا کرنا ہے۔ شبلی کے نزدیک شاعری کے لیے جذبات ضروری ہیں۔
شبلی کے تصور کے اعتبار سے تمام عالم ایک شعر ہے۔ زندگی میں ہر جگہ شاعری بکھری پڑی ہے اور جہاں شاعری موجود ہے وہاں زندگی ہے۔ ایک یورپین مصنف کے حوالے سے وہ کہتے ہیں کہ "ہر چیز جو دل پر استعجاب یا حیرت یا جوش اور کسی قسم کا اثر پیدا کرتی ہے، شعر ہے ۔" اس بناپر فلک نیلگوں، نجمِ درخشاں، نسیم سحر، تبسم گل، خرام صبا، نالہ بلبل، ویرانی دشت، شادابی چمن، غرض تمام عالم شعر ہے" اور ساری زندگی میں یہ شعریت پائی جاتی ہے۔ اس طرح ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ شبلی کے تنقیدی نظریات شاعری کے جمالیاتی پہلو پر زور دیتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر سید عبد اللہ "اشاراتِ تنقید" میں لکھتے ہیں کہ:
"یہ تو ظاہر ہے کہ شبلی کی تنقید میں اجتماعی اور عمرانی نقطہ نظر بھی ہے اس کے باوجود ان کا مزاج، جمالیاتی اور تاثراتی رویے کی طرف خاص جھکاؤ رکھتا ہے۔"[7]
شبلی کے نزدیک شاعری تمام فنونِ لطیفہ میں بلند تر حیثیت رکھتی ہے۔ کیونکہ تاثر کے لحاظ سے بہت سی چیزیں مثلاً موسیقی، مصوری، صنعت گری وغیرہ اہم ہیں مگر شاعری کی اثر انگیزی کی حد سب سے زیادہ وسیع ہے۔ شاعری کے سلسلے میں وہ محاکات کا ذکر کرتے ہیں اور پھراس کی وضاحت کرتے ہوئے کہتے ہیں:
"محاکات کے معنیٰ کسی چیز یا کسی حالت کا اس طرح ادا کرنا ہے کہ اس شے کی تصویر آنکھوں میں پھر جائے۔ تصویر اور محاکات میں یہ فرق ہے کہ تصویر میں اگرچہ مادی اشیا کے علاوہ حالات یا جذبات کی بھی تصویر کھینچی جا سکتی ہے۔ ۔۔ تاہم تصویر ہر جگہ محاکات کا ساتھ نہیں دے سکتی۔ سینکڑوں گوناگوں حالات و واقعات تصور کی دسترس سے باہر ہیں۔"[8]
وہ صرف محاکات کی تعریف ہی پر بس نہیں کرتے بلکہ محاکات کن کن چیزوں سے قائم ہوتی ہے۔ اس کی بھی تفصیل بیان کرتے ہیں۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے تخیل، جدت ادا اورالفاظ کی نوعیت، کیفیت اور اثر کی بات کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک لفظ جسم ہیں اور مضمون روح ہے۔ اس مسئلے پر اہل فن کے دو گروہ ہیں ایک لفظ کو ترجیح دیتا ہے اور دوسرا معنیٰ کو۔ شبلی کا زور لفظ پر زیادہ ہے۔ لفظ اور معنی کی بحث میں لفظوں کی اقسام اور ان کی نوعیت کی صراحت کرتے ہوئے تحریر کرتے ہیں :
"الفاظ متعدد قسم کے ہوتے ہیں، بعض نازک، لطیف، شستہ، صاف، رواں اور شیریں اور بعض پر شوکت، متین، بلند، پہلی قسم کے الفاظ عشق و محبت کے مضامین ادا کرنے کے لییموزوں ہیں، عشق اور محبت انسان کے لطیف اور نازک جذبات ہیں، اس لیے ان کے ادا کرنے کے لیے لفظ بھی اسی قسم کے ہونے چاہئیں۔"[8]
لفظ اور معنیٰ کی بحث نہایت دلچسپ ہے۔ فصیح اورمانوس الفاظ کا اثر، سادگی ادا، جملوں کے اجزا کی ترکیب پر اپنی آرا کا اظہار کرتے ہوئے شبلی اس کے اثر کی بھی بات کرتے ہیں۔ ان کا نظریہ یہ ہے کہ خیال یا مضمون کتنا ہی عمدہ کیوں نہ ہو اگر لفظ عمدہ نہیں ہوں گے تو خیال کا اثر جاتا رہے گا۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے وہ آب زم زم کی مثال کچھ اس طرح پیش کرتے ہیں۔ اگر آپ کو کوئی گندے پیالے میں آبِ زم زم پینے کو دے تو آپ آبِ زم زم کے تقدس کی وجہ سے پانی تو پی لیں گے لیکن آپ کی طبیعت میلی ہو جائے گی۔ یہ بات ذہن نشین رہے کہ اس مثال میں پیالہ لفظ کی نمائندگی کر رہا ہے اور پانی مضمون کی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ خیال کی عمدگی کے ساتھ ساتھ الفاظ کا عمدہ ہونا بھی ضروری ہے۔
شبلی نے اردو کی تمام کلاسیکی اصناف کا جائزہ لیا ہے اور اس پر اپنی رائے قائم کی ہے۔ ان کا نقطۂ نظر تاثراتی اور جمالیاتی نظر آتا ہے لیکن شاعری کی دوسری خوبیوں پر بھی ان کی نگاہ رہتی ہے۔ موازنۂ انیس و دبیر میں انھوں نے شاعری کی صنعتوں کی جس طرح تشریح پیش کی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اس لیے جس صنعت کے ضمن میں انھوں نے جو شعر نقل کیے ہیں۔ ہم آج بھی اس کے حصار سے کلی طور سے باہر نہیں نکل سکے ہیں۔
اردو کی نظریاتی تنقید کو فروغ دینے اور اسے ایک مثبت سمت دینے میں شبلی اور الطاف حسین حالی نہایت اہم ہیں۔ انھیں کی بدولت اردو تنقید کا چراغ روشن سے روشن تر ہوا۔
شروع میں شبلی اپنے خاندانی اثر کے مطابق مذہبی لحاظ سے مضبوط فکر کے حامل ہوا کرتے تھے پھر سر سیّد احمد خان کی قائم شدہ علی گڑھ یونیورسٹی سے تعلق کے بعد شبلی وسيع النظرہوگئے۔
Seamless Wikipedia browsing. On steroids.
Every time you click a link to Wikipedia, Wiktionary or Wikiquote in your browser's search results, it will show the modern Wikiwand interface.
Wikiwand extension is a five stars, simple, with minimum permission required to keep your browsing private, safe and transparent.