From Wikipedia, the free encyclopedia
آغاز سے ہی اسلام براعظم افریقا میں مرکزی خصوصیت کا حامل رہا ہے۔ افریقا میں اسلام کا پیغام پہنچا اور وسیع پیمانے پر اس کی اشاعت ہوئی، پھر اسلام براعظم افریقا کی تہذیب وثقافت اور تمدن وتاریخ کا اٹوٹ حصہ بن گیا۔[1] افریقا میں مسلم آبادی کے تناسب سے متعلق کافی متضاد اعداد وشمار بیان کیے جاتے ہیں۔ بریٹانیکا آن لائن کے مطابق 2010ء میں افریقا میں مسلم آبادی 421,938,820 (40.84فیصد) تھی، جبکہ مسیحی آبادی 488,880,000 (47.32فیصد)، افریقا کے روایتی مذاہب کے پیروکاروں (نسلی مذہب پسندوں) کی تعداد 109,592,000 (10.6فیصد) اور بقیہ مذاہب کے متبعین کی تعداد 12,632.200 (1.22فیصد) تھی اور افریقا کی مجموعی آبادی 1,033,043,000 تھی۔[2] برطانوی دائرۃ المعارف (2003ء) اور ورلڈ بک انسائیکلوپیڈیا اسلام افریقا کا سب سے بڑا مذہب ہے اس کے بعد مسیحیت کا درجہ ہے۔[3][4] نیز مسلمانوں کی دنیا بھر کی مجموعی آبادی کے لحاظ سے افریقا میں ایک چوتھائی مسلمان آباد ہیں۔[5]
افریقا میں اسلام کی آمد کی تاریخ ساتویں صدی عیسوی سے ملتی ہے، جب حضرت محمدصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنے صحابہ کو کفار مکہ کی اذیتوں اور تکلیفوں سے بچنے کے لیے بحیرہ احمر کے پار واقع زیلع کے جانب ہجرت کی اجازت دی؛ یہ علاقہ اس وقت نجاشی شاہ حبشہ کے زیر نگین تھا۔ اس ہجرت کو ہجرت اولی اور ہجرت حبشہ کہا جاتا ہے۔ ان اولین مسلم مہاجرین رضی اللہ عنہم کو اس ہجرت میں کامیابی ملی اور صومالیہ کا ساحل اولین مسلمانوں کی پہلی پناہ گاہ بنا۔ جزیرہ نمائے عرب کے باہر یہی پہلا خطہ تھا جہاں اسلام کے قدم پہنچے۔ حضورصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی وفات کے سات سال بعد 639ء مطابق 17ھ میں مسلمان افریقا کی طرف بڑھے اور محض دو نسلیں گذرنے کے بعد اسلام قرن افریقا، شمالی افریقا اور وسطی المغرب کے مکمل علاقوں تک پہنچ گیا۔[1][3]
افریقا میں اکثریت اہل سنت و جماعت مسلمانوں کی ہے، اگرچہ اہل تشیع کی بھی کافی تعداد ہے۔ اس کے علاوہ، تصوف سے وابستہ مسلمان بھی موجود ہیں۔ فقہی مکاتب فکر میں اہل سنت کی اکثریت مالکیہ فقہ کی پیروی کرتی ہے۔ جبکہ شافعی فقہ کے پیروکار قرن افریقا، مشرقی مصر اور سواحلی کوسٹ میں ہیں اس کے علاوہ حنفی افراد کی ایک بڑی تعداد مغربی مصر میں ہے۔
|
|
Seamless Wikipedia browsing. On steroids.
Every time you click a link to Wikipedia, Wiktionary or Wikiquote in your browser's search results, it will show the modern Wikiwand interface.
Wikiwand extension is a five stars, simple, with minimum permission required to keep your browsing private, safe and transparent.