From Wikipedia, the free encyclopedia
حمزہ بن حبیب، (پیدائش: 80ھ/699ء - وفات: 156ھ/772ء) پورا نام حمزہ بن حبیب بن عمارہ بن اسماعیل ہے۔ قرآن پاک کے قراء سبعہ میں سے ایک ہیں۔ آپ عکرمہ بن ریع کے خاندان کے ایک آزاد کردہ غلام تھے۔ آپ کا لقب الزایات تھا۔ آپ کے لقب کی وجہ یہ ہے کہ آپ کوفہ سے حلوان تیل لے جاتے تھے۔ علم قرات میں آپ حمران بن اعین عاصم اور ابن ابی لیلی کے شاگرد تھے۔ آپ کے شاگردوں میں قابل ذکر سفیان ثوری تھے۔ آپ کا شمار تابعین میں ہوتا ہے۔[1]
احمد بن حنبل نے ان کی قرات کی کچھ خصوصیات کو شدت سے ناپسند کیا اور ابو عمارہ کے ہم عصر قاری، شعبہ بن عیاش ان کی قرات کے طریقہ کو بدعت سمجھتے تھے۔[2]
پورا نام حمزہ بن حبیب بن عمارۃ الزیات ابو عمارہ التمیمی الکوفی یہ بنی تمیم میں سے تھے۔ امام العلم اور حافظ الحجۃ کے لقب سے مشہور ہیں۔حمزہ نام،ابوعمارہ کنیت تھی،والد کا اسم گرامی حبیب اورجدِ امجد کا عمارہ [3] کوفہ کے خاندان آلِ عکرمہ بن ربیعی کے غلام تھے جو مشہور قبیلہ تیم اللہ سے تعلق رکھتا تھا،اسی نسبت سے تیمی کہے جاتے ہیں [4]زیات لقب تھا،اس کی وجہ تسمیہ کے بارے میں علامہ ابن قتیبہ رقمراز ہیں: كان يجلب الزيت من الكوفة إلى حلوان ويجلب من حلوان الجبن والجوز إلى الكوفة [5] وہ کوفہ سے زیتون لے جاکر حلوان میں فروخت کرتے تھے اور وہاں سے پنیر واخروٹ کوفہ لایاکرتے تھے۔
ابو عمارہ حمزہ کی ولادت 80ھ میں ہوئی تھی۔ انھوں نے چند صحابہ کو دیکھا
خلیفہ عبد الملک کے عہدِحکومت میں 80ھ میں ولادت ہوئی [6]اسی سال امام اعظم ابو حنیفہؒ کی ولادت بھی ہوئی،شیخ زیات کاآبائی وطن کوفہ ہے اور وہیں تاحیات درس وافادہ میں مصروف رہے۔
ان کے اساتذہ میں مندرجہ ذیل لوگ شامل تھے
على حمران بن اعين، ابو اسحاق السبيعی، اعمش، جعفر الصادق، محمد بن عبد الرحمن بن ابی ليلى، ومغيرة بن مقسم۔
ابراہيم بن ادہم، ابراہيم بن طعمہ، اسحاق بن يوسف الازرق، بكر بن عبد الرحمن، جعفر بن محمد الخشكنی، حجاج بن محمد،خالد بن يزيد الطبيب، خلاد بن خالد الاحول، ابو الاحوص سلام بن سليم،سفيان الثوری، شعيب بن حرب، علی بن حمزہ الكسائی،يحيی بن زياد الفراء اوريحيى بن المبارك اليزيدی۔
وہ علم و فضل کے بلند ترین مقام پر فائز تھے،قرآن،حدیث،ادب اورفرائض وغیرہ علوم میں کامل دستگاہ حاصل تھی،بالخصوص علومِ قرآن اور فرائض میں ان کی مہارت اوردقیقہ رسی پر علما کااتفاق ہے جن سات ائمہ نے فن قرأت میں نام پیدا کیا اورلائق تقلید قرار پائے ان میں حمزہ بن ابی حبیب الزیات کا نام بہت ممتاز ہے۔ کوفہ میں عاصم واعمش کے بعد قرأت میں انہی کو منصب امامت حاصل ہے،حافظ ذہبی انھیں شیخ القراءاۃ السبعۃ لکھتے ہیں [7]ان کے شیخ امام اعمش جو بلند مرتبہ تابعی اورخود قرآن کے ایک بڑے قاری تھے،جب بھی ابن حبیب کو دیکھتے فرماتے : انت عالم القرآن [8]
قرآن کے ساتھ انھیں خاص شغف تھا؛چنانچہ وقت کے بہت سے اکابرقراء کی خدمت میں حاضرہوکر اس فن کی تحصیل کی اور اس میں اتنا کمال پیدا کیا کہ خود ان کی ذات مرجع انام بن گئی ،علامہ یافعی رقمطراز ہیں کہ: کان رأساً فی القرآن وَ الفرائض [9] وہ علوم قرآن اور فرائض (قانونِ وراثت)میں بہت ماہر تھے۔ حافظ ذہبی لکھتے ہیں: قرأ علی التابعین وتصعد للاقراء فقرأ علیہ جل اھل الکوفۃ [10] انھوں نے تابعین سے قرأت کی تعلیم حاصل کی اور اس کے صدر نشین قرارپائے پھر اکثر اہلِ کوفہ نے ان سے اس فن کو حاصل کیا۔ جن ماہرین قراء سے انھوں نے نکاتِ فن کو حاصل کیا ان میں سلیمان بن مہران الاعمش حمران بن اعین،محمد بن ابی لیلیٰ اورابوعبداللہ جعفر الصادق کے نام قابلِ ذکر ہیں [11]ان چاروں علمائے وقت کی سندِ قرآن علی الترتیب عبد اللہ بن مسعودؓ،حضرت عثمانؓ،حضرت ابی بن کعبؓ،حضرت علیؓ بن ابی طالب تک پہنچتی ہے،جنھوں نے حضور اکرم ﷺ کی زبان گوہر فشاں سے قرآن کو پڑھا تھا۔ بعض علما نے قراء سبعہ میں ابن حبیب کی قرأت کوناپسند کیا ہے،لیکن حافظ ابن حجرؒ نے ان پر کیے گئے نقد وجرح کی تردید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "ماہرین فن علما کی اکثریت نے حمزہ کی قرأت قبول کرنے پر اتفاقِ رائے کیا اورناقدین کے کلام کو بے زبان قرار دیا ہے۔ قد انعقد الاجمع علی تلقی قراءۃ حمزۃ بالقبول والانکار علیٰ من تکلم فیھا [12] حمزہ بن حبیب الزیات کی قرأت کو قبول کرنے پر علما کا اجماع ہے اورجنہوں نے اس سلسلہ میں کلام کیا ہے وہ پسندیدہ نہیں ہے علامہ ذہبی رقمطراز ہیں کہ حمزہ کی جلالتِ فنی کا اندازہ لگانے کے لیے امام سفیان ثوری کی یہ شہادت کافی ہے کہ ما قرأ حمزة حرفا إلا بأثر (ایضا) شیب بن حرب ان کی قرأت کو ہمیشہ درآبدار کہہ کر بیان فرمایا کرتے تھے [13]امام ثوری کا بیان ہے کہ: یا ابن عمارۃ اما القرأۃ و الفرائض فلانعرض لک فیھما [14] اے ابن عمارہ قرأت اور علم فرائض کے لیے ہم تم سے کوئی تعرض نہیں کریں گے۔ ان کی قرأت کے راوی بکثرت ہیں ؛لیکن خلف وخلاد زیادہ مشہور و معروف ہیں۔
فرائض کے علم میں بھی وہ ید طولیٰ رکھتے تھے؛بلکہ درحقیقت قرآن اور فرائض ہی ان کی شہرت اورعظمت کی اصل بنیاد ہیں، محدث کی حیثیت سے ان کو کوئی قابلِ ذکر مقام حاصل نہیں ہو سکا،امام اعظم بایں ہمہ بلندی شان اورفضل وکمال فرمایا کرتے تھے : غلب حمزۃ الناس علی القرآن والفرائض [15] حمزہ قرآن اورفرائض میں لوگوں پر غالب تھے۔
حدیث نبویﷺ سے بھی بہرہ وافر رکھتے تھے،اس کی تحصیل انھوں نے حکم بن عیینہ، حسیب بن ابی ثابت،عمرو بن مرّہ ،طلحہ بن مضرف،عدی بن ثابت،حماد بن اعین،ابو اسحاق، السبیعی،ابو اسحاق الشیبانی،اعمش اورمنصور بن المعتمر سے کی تھی اوران کے تلامذہ میں عبد اللہ بن مبارک ،حسین بن علی الجعفی،عبد اللہ بن صالح العجلی،سلیم بن عیسیٰ محمد بن فضل،عیسیٰ بن یونس،امام وکیع اورقبیصہ کے نام خصوصیت سے لائق ذکر ہیں۔ [16]
ان کی ثقاہت کے متعلق علامہ ابن سعد لکھتے ہیں کہ: وہ محدث ،صدوق اورمتبع سنت تھے۔
کثرت عبادت وریاضت میں وہ صلحائے امت کا ایک اعلیٰ نمونہ تھے،رات کا بیشتر حصہ عبادت کرتے گزرتا تھااور بہت کم سوتے تھے،امام سفیان ثوری اورشریک بن عبد اللہ جنہیں ان کے تلمذ خاص کا افتخار حاصل ہے، بیان کرتے ہیں کہ ابن حبیب الزیات کو جب بھی کوئی دیکھتا یا درس دیتے ملتے یا نماز پڑھتے ہوئے، کثرتِ عبادت کا یہ عالم تھا کہ ظہر وعصر اورمغرب وعشا کے درمیان بھی نوافل پڑھتے رہتے،اسی طرح درس کے خاتمہ پر پابندی سے چار رکعت نفل ادا فرمایا کرتے تھے ہر ماہ ترتیل کے ساتھ کم ازکم پچیس قرآن ختم کیا کرتے،علامہ سمعانی ان کی کثرتِ عبادت کے بارے میں رقمطراز ہیں: کان من جل عباداللہ عبادۃ وفضلا ونسکاً [17] وہ عبادت وفضیلت اور دنیا سے بے تعلقی میں خدا کے جلیل القدر بندے تھے۔ ابن فضل کا قول ہے کہ حمزہ کے تدین،جلالتِ علم اور عبادت گزاری سے کوفہ کی بلا دُور ہوتی ہے۔ [18]
ورع وتقویٰ اورخشیتِ الہیٰ علما کبار کا وصف مشترک ہے، ابن حبیب الزیات اس میں خاص امتیاز رکھتے تھے،حافظ ذہبی رقمطراز ہیں کہ صدق اورورع وتقویٰ وغیرہ اوصاف ان کی ذات پر ختم ہو گئے تھے[19]ابن عماد حنبلی انھیں ورع کے اعتبار سے نمونہ عمل اوردلیلِ راہ بنائے جانے کا مستحق قرار دیتے ہیں۔ [20]
ان تمام کمالات کے علاوہ حمزہ کی ذات میں اوربہت سی خوبیاں مجتمع تھیں جو انسان کے باطن کو ہر قسم کی آلائشوں سے صاف کرکے اسے مثل آئینہ مجلی کردیتی ہیں۔ ابن حبیب الزیات بایں ہمہ علم و فضل کسی سے خدمت لینا گوارا نہیں کرتے تھے،شدید ترین گرمی کے موسم میں اثناء درس کبھی پیاس محسوس ہوتی تو اپنے کسی شاگرد سے پانی مانگنا گوارانہ کرتے ؛بلکہ خود اُٹھ کر تشنگی فرو کرتے [21]قرآن کی تعلیم پر تاحیات اجرت نہیں لی، ذریعہ معاش تجارت کو بنارکھا تھا،جیسا اوپر مذکور ہوا کہ کوفہ سے زیتون لے جاکر حلوان میں فروخت کرتے اوروہاں سے پنیر واخروٹ لاکر کوفہ میں بیچتے تھے،لیکن یہ شغل بھی بقدر کفاف ہی کرتے ،جس سے محض روح وجسم کا رشتہ باقی رہ سکے،ورنہ زیادہ تر وقت درس وعبادت میں گذرتا تھا۔
Seamless Wikipedia browsing. On steroids.
Every time you click a link to Wikipedia, Wiktionary or Wikiquote in your browser's search results, it will show the modern Wikiwand interface.
Wikiwand extension is a five stars, simple, with minimum permission required to keep your browsing private, safe and transparent.