سرچ انجن
From Wikipedia, the free encyclopedia
انٹرنیٹ پر کوئی بھی چیز تلاش کرنے کے لیے سرچ انجن استعمال کیا جاتا ہے۔سرچ انجن دراصل سافٹ وئیر پر مشتمل ایک مربوط نظام ہے جو انٹر نیٹ پر مواد تلاش کرنے کا ذریعہ ہے۔ سرچ انجن کا مقصد ورلڈ وائڈ ویب پر ٹیکسٹ کی صورت میں مخصوص معلومات کے لیے منظم طریقے سے تلاش کرنا ہے۔ سرچ انجنز کو جوابی مشین بھی کہا جاتا ہے ۔ سرچ انجنز انٹرنیٹ کے مواد کو سمجھنے، دریافت کرنے ، اسے منظم کرنے اور لوگوں کی طرف سے مواد تلاش کیے جانے پر انھیں ان کے سوال کی مطابقت سے فوراً جواب کے طور پر پیش کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس وقت دنیا میں 500 کے قریب سرچ انجنز موجود ہیں ۔ ان میں سے زیادہ تر وہ سرچ انجنز ہیں جو کچھ مخصوص علاقوں میں ، مخصوص کاموں اور مخصوص زبانوں میں سرچ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
دنیا کے چند بڑے اور مقبول سرچ انجنوں میں گوگل، بنگ، یاہو ، بیدو، یانکڈیکس، ڈک ڈک گو، آسک ،اے او ایل، ایکوسیا، سوئس کاؤز، ڈاگ پائل وغیرہ شامل ہیں۔ان میں سے کچھ سرچ انجن مخصوص علاقوں میں زیادہ مقبول ہیں۔ مثلاً بیدو چین میں زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ نیور کوریا میں کورین زبان میں استعمال ہوتا ہے۔یانڈیکس روس میں استعمال ہوتا ہے۔
مندرجہ بالا سرچ انجنز کے علاوہ کچھ ایسے پلیٹ فارم جو بہت زیادہ استعمال ہو رہے ہیں ۔ اگرچہ ہم انھیں سرچ انجن نہیں سمجھتے لیکن حقیقتاً یہ بھی سرچ انجن کے زمرے میں شمار ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ان پر سرچ بھی بہت زیادہ ہے اور مواد بھی بہت زیادہ مقدار میں موجود ہے۔ مثلاً یوٹیوب جو ویڈیوز پر مشتمل مواد کا سب سے بڑا ، مقبول اور کارآمد پلیٹ فارم ہے۔گوگل میپس دنیا بھر کے نقشوں کے لیے اس طرز کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔ کوورا ہر قسم کے سوالوں کے جوابات کا بہت بڑا خزانہ ہے۔ امیزان مختلف قسم کی پراڈکٹس یعنی اشیاء کی خرید و فروخت کے لیے دنیا کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔ اسی طرح فیس بک، ٹویٹر، انٹر نیٹ آرکائیو،وِکی ، سی سی سرچ، سلائیڈ شئیر وغیرہ بھی طرح طرح کی معلومات کا بہت بڑا خزانہ ہیں۔[1]